وزیر اعظم 27 فروری کو بھارتی کھلونوں کا میلہ ۔ 2021 کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 27 فروری کو بھارتی کھلونوں کے میلے 2021 کا دن میں گیارہ بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کریں گے ۔
کھلونے، بچوں کے ذہنی فروغ میں اہم رول ادا کرتے ہیں اور بچوں میں آموزشی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اگست ، 2020 میں اپنے من کی بات میں کہا تھا کہ کھلونے نہ صرف سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ امنگوں کو پرواز بخشتے ہیں ۔ بچوں کی مجموعی ترقی میں کھلونوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے پہلے بھی کھلونوں کی ہندوستان میں مینو فیکچرنگ میں اضافہ کرنے پر زور دیا تھا ۔ بھارتی کھلونا میلہ ۔ 2021 وزیر اعظم کے ، اِسی ویژن کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے ۔
میلے کے بارے میں
یہ میلہ 27 فروری سے 2 مارچ تک منعقد کیا جائے گا ۔ اس کا مقصدخریداروں، فروخت کرنے والوں ، طلبا ، اساتذہ، ڈیزائن بنانے والوں ،سبھی کو ایک ورچوول پلیٹ فارم پر یکجا کرناہے تاکہ صنعت کی مجموعی ترقی کے لیے ایک پائیدار تعلق قائم کیا جا سکے اور مذاکرات کی ہمت افزائی کی جا سکے ۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے حکومت اور صنعت، اِس معاملے پر تبادلۂ خیال کے لیےیکجا ہوں گے کہ کس طرح ہندوستان کو کھلونا بنانے کے شعبے میں سرمایہ کاری راغب کرکے اور بر آمدات کو فروغ دے کر کھلونوں کی مینو فیکچرنگ کا ایک عالمی مرکز بنایا جا سکتا ہے ۔
30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 1000سے زیادہ نمائش کارای۔ کامرس والی ورچوول نمائش میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے ۔ اس میں ہندوستان کے روایتی کھلونوں کے ساتھ ساتھ جدید کھلونوں،پلش ٹوائز ، پزل اور دوسرے کھیل کود کی نمائش کی جائے گی ۔
میلے میں کئی ویبینار اورہندوستان اور بیرونی ملکوں کے ممتاز مقررین کے ساتھ پینل مباحثے بھی ہوں گے ۔ یہ مباحثے کھلونوں کے ڈیزائن اور مینو فیکچرنگ سے متعلق ہوں گے ۔
بچوں کےلیےیہ بہت سی سرگرمیوں ، جس میں دست کاری کے مظاہرے ، روایتی کھلونے بنانے اور کھلونے بنانے والی فیکٹریوں اور میوزیم کے ورچوول دوروں سمیت بہت سی سرگرمیوں میں شرکت کرنے کا موقع ملے گا ۔