وزیر اعظم کے ہاتھوں گلمرگ میں کھیلو انڈیا کا افتتاح
کشمیر میں بین الاقوامی سطح کے ’کھیلو انڈیا‘ مراکز قائم کئے جائیں گے۔کیرن رِجیجو
سری نگر،27فروری (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کوسیاحتی مقام گلمرگ میں ’کھیلو انڈیا‘سرمائی کھیلوں کا آن لائن افتتاح کیا۔ نمائندے کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہونے والی ’کھیلو انڈیا‘ سرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کا جمعہ کے روز دلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیاجس کے بعد کھیلو انڈیاسرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم نے ان کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر کرن رجیجو کے علاوہ دیگر حکومتی اعلیٰ عہدیداراں موجود تھے۔کھیلو انڈیا سرمائی کھیل2021 کا انعقاد جموں و کشمیر اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے ذریعہ کھیلو انڈیا کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
ان کھیلوں میں جموں و کشمیر، لداخ، کرناٹک، بہار، دہلی، ہریانہ، اتراکھنڈ، پنجاب، بہار، تمل ناڈو، تلنگانہ، چنڈی گڑھ، لکشدویپ، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، اوڈیشہ، اتر پردیش، مہاراشٹرا، ہماچل پردیش اور راجستھان کے 603 ایتھلیٹ شرکت کر رہے ہیں۔جمعہ کو شمالی کشمیر میں واقع عالمی شہرت یافتہ سیاحتی گلمرگ میں کھلاڑیوں سے خطاب کر تے ہوئے مرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں عنقریب بین الاقوامی سطح کے ’کھیلو انڈیا‘ مراکز قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں آنے والے موسم گرما میں آبی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری کھلاڑیوں کی اولپمک کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنائیں جائے گا تاکہ وہ بھی اولمپک سطح کے اعزارات حاصل کر سکیں۔
اس سے قبل جمعرات کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیرِ کھیل کیرن رِجیجو نے مشعل روشن کر کے پروگرام کی شروعات کا اعلان کیا۔ اس تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا،کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے ان کھیلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا،کہ وبائی مرض کو کافی حد تک قابو میں کر لیا گیا ہے۔ میں جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اس وبائی مرض کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے۔