Urdu News

سری لنکاکے صدر رانیل وکرم سنگھے 20-21 جولائی کوہندوستان کادورہ کریں گے

سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھے

سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھے 20 سے 21 جولائی تک ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ سری لنکا کی وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ وکرم سنگھے کے اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔

سری لنکا کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر وکرم سنگھے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر 20-21 جولائی کو بھارت کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران وکرم سنگھے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر ہندوستانی معززین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا۔

گزشتہ برس جولائی میں گوٹبایا راجا پکشے کو شدید اقتصادی بحران کا سامنا کرنے والے سری لنکا میں عوامی بغاوت کے باعث معزول کر دیا گیا تھا۔ اسکے ایک سال بعد وکرم سنگھے کایہ پہلا ہندوستان کا دورہ ہوگا۔ وکرم سنگھے نے ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات پر زور دیا ہے اور اسے اپنی خارجہ پالیسی کا کلیدی مدعا بنایا ہے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکا -ہندوستانی روپیہ کو امریکی ڈالر کے برابر استعمال کرتے دیکھنا  چاہتا ہے۔ وکرم سنگھے سری لنکا کے وزیر خزانہ بھی ہیں۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سری لنکا کی کمزور معیشت میں بحالی کے آثار دکھا رہی ہے۔

Recommended