Urdu News

بھارت 2035تک بندرگاہوں کے پروجیکٹس میں بیاسی ارب ڈالر کا سرمایہ لگائے گا: وزیراعظم

وزیر اعظم نریندر مودی


بھارت 2035تک بندرگاہوں کے پروجیکٹس میں بیاسی ارب ڈالر کا سرمایہ لگائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت 2035تک بندرگاہوں کے پروجیکٹوں میں بیاسی ارب ڈالر کا سرمایہ لگائے گا۔وزیراعظم نریندر مودی نے’آتم نربھر بھارت کے ویژن کو حاصل کرنے کے لیے مختلف اصلاحات کے ذریعہ عالمی درجے کا بحری بنیادی ڈھانچہ تخلیق دینے پر زور دیا ہے‘۔ بھارت سمندر کے شعبے میں اپنی ترقی کے بارے میں کافی سنجیدہ ہے اور وہ دنیا کی سمندری معیشت میں ایک قائد کی حیثیت سے اُبھر رہا ہے۔

’میری ٹائم انڈیا سمٹ 2021 ‘کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کرنے کے بعد وزیراعظم نے عالمی سرمایہ کاروں کو مدعو کیا کہ وہ بھارت آئیں اور یہاں دیرپا ترقی کا حصہ بنیں۔

تین روزہ میری ٹائم انڈیا سمٹ 2021 کا انعقاد بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت ایک ورچوئل پلیٹ فارمwww.maritimeindiasummit.in پرکررہی ہے۔

جناب مودی نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتربنانے کے توجہ طلب شعبوں کے ذریعہ اصلاح شدہ سفر کو فروغ دینا بھارت کا مقصد آتم نربھربھارت کے ویژن کو مستحکم بنانا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بڑی بندرگاہوں کی صلاحیت 2014 میں 87 کروڑ ٹن کی تھی لیکن اب یہ ایک ارب 55کروڑ ٹن ہوگئی ہے۔ عالمی درجے کے بنیادی ڈھانچے والی بڑی بندرگاہوں کاندلہ میں وَدھاون ، پردیپ اور دین دیال میں تعمیر کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت آبی گزرگاہوں کے شعبے میں اس انداز میں سرمایہ لگارہی ہے جیسے پہلے کبھی نہیں لگایا گیا۔ گھریلو آبی گزرگاہوں کے بارے میں دیکھا گیا ہے کہ یہ مال برداری کے سلسلے میں کم خرچ اور ماحول کے لیے سازگار ہیں۔

جناب مودی نے کہا کہ حکومت کا مقصد 2030 تک 23 آبی گزرگاہوں پر کام کاج شروع کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کوچی،ممبئی، گجرات اورگوا جیسی کلیدی ریاستوں اورشہروں میں شہری آبی ٹرانسپورٹ نظام شروع کرنے کے لیے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا منصوبہ یہ ہے کہ وہ بمسٹیک اورIOR ملکوں کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی رابطوں پر توجہ جاری رکھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا اور 2026 تک باہمی معاہدے کرے گا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اِس بات کا ذکر کیا ہے کہ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گذرگاہوں کی وزارت نے ایسے 400 پروجیکٹوں کی فہرست تیار کی ہے جن میں 31 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گنجائش اور امکانات ہیں۔ 

جناب مودی نے کہاکہ سرکار اندرون ملک بحری جہاز تیار کرنے اور اِن کی مرمت وغیرہ کی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ اِس کی حوصلہ افزائی کی خاطر بھارتیShipyards کیلئے مالی امداد کی پالیسی کو منظوری دی گئی ہے۔ 

جناب مودی نے کہاکہ سرکار نے جزیروں والے خطے کے بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی نظام کو جامع انداز سے فروغ دینے کا کام شروع کیا ہے۔ سرکار بحری شعبے میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کو بڑھاوا دینے کی خواہش مند ہے اور عنقریب پورے ملک میں سبھی بڑی بندرگاہوں پرشمسی اور ہوا پر مبنی بجلی نظام نصب کیا جائے گا۔ 

اِس سربراہ کانفرنس میں کئی ملکوں کے ممتاز مقرر شرکت کررہے ہیں اور بھارتی بحری شعبے میں ممکنہ کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اِس سال کی سربراہ کانفرنس کے لیے ڈنمارک ساجھیدار ملک ہے۔ 

Recommended