ایم سی ڈی ضمنی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کامیاب
عام آدمی پارٹی (عآپ) نے دہلی کی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے پانچ وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں چار وارڈوں میں کامیابی حاصل کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا صفایا کردیا ہے ایک وارڈ میں کانگریس کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی ان ضمنی انتخابات میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ ضمنی انتخابات والے پانچ وارڈوں میں سے چار پر پہلے سے ہی عآپ کا قبضہ تھا ، جب کہ ایک وارڈ بی جے پی کے پاس تھا۔
ایم سی ڈی کے پانچ وارڈوں میں 28 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی، جن کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا۔ اے اے پی نے کلیان پوری ، روہنی- سی ، ترلوکپوری اور شالیمار باغ (شمال) وارڈوں میں کامیابی حاصل کی۔اے اے پی کے امیدوار دھریندر کمار نے کلیانپوری وارڈ میں 7043 ووٹوں سے کامیابی درج کی۔ عآپ کے امیدوار رام چندر نے روہنی سی وارڈ میں بی جے پی کے امیدوار راکیش گوئل کو 2985 ووٹوں سے شکست دی۔
جب کہ عآپ کے امیدوار وجئے کمار نے ترلوکپوری وارڈ میں بی جے پی امیدوار اوم پرکاش کو 4986 ووٹوں سے شکست دی۔ آپ کے امیدوار سنیتا مشرا نے شالیمار باغ (شمال) وارڈ سے بی جے پی کے امیدوار سربھی جاجو کو 2705 ووٹوں سے شکست دی۔
چوہان بانگر وارڈ میں کانگریس کے امیدوار چودھری زبیر احمد نے عآپ کے امیدوار محمد اشراق خان کو 10642 ووٹوں سے شکست دی۔عام آدمی پارٹی (عآپ) نے ایم سی ڈی کے ضمنی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی اور عآپ کے چیف اروند کیجریوال نے ووٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے عوام نے ایک بار پھر ' کام کے نام' پر ووٹ دیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹر پر کہا کہ ’’دہلی کے عوام نے ایک بار پھر 'کام کے نام' پر ووٹ دیا ہے۔ سب کو مبارک ہو۔ ایم سی ڈی میں بی جے پی کی 15 سالہ بدانتظامی سے عوام پریشان ہیں۔ لوگ اب ایم سی ڈی میں بھی اے اے پی کی حکومت بنانے کے لئے بیتاب ہیں‘‘۔
ان ضمنی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، نائب وزیر اعلی اور عآپ کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے کہا کہ "ایم سی ڈی کے ضمنی انتخابات میں پانچ میں سے چار وارڈوں میں کامیابی کے لیے پارٹی کے کارکنوں کو مبارک باد۔ بی جے پی کی بدانتظامی سے دہلی کے عوام اب پریشان ہوچکے ہیں۔ اگلے سال کے ایم سی ڈی انتخابات میں عوام اروند کیجریوال کی دیانت دار اور کام کرنے والی حکومت کی حمایت کریں گے۔