جی سی سی وزرا خارجہ کا اجلاس، العلا اعلامیے پر عمل درآمد پرغور
دبئی،17مارچ(انڈیا نیرٹیو)
خلیج تعاون کونسل کے وزارتی اجلاس میں گزشتہ جنوری میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی 'جی سی سی سمٹ' کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹس پر آج بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔’جی سی سی‘ ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کا 147 واں وزارت اجلاس تنظیم کے الریاض میں قائم جنرل سیکرٹریٹ میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف الزیانی کریں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرنایف بن فلاح مبارک الحجرف بھی شرکت کریں گے۔
ادھر جی سی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح مبارک الحجرف نے تنظیم کے وزرا خارجہ کا 147 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت پر ان کا پیشگی شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل کے رکن ممالک کے وزرا خارجہ کی اجلاس میں شرکت اس بار کا ثبوت ہے کہ جی سی سی کے تمام ممالک تنظیم کے اقدامات اورفیصلوں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
الحجرف کا کہنا تھا کہ آج بدھ کے روز ہونے والے جی سی سی وزرا خارجہ اجلاس میں 5جنوری 2021ءکو سعودی عرب کے پرفضا مقام العلا میں ہونے والے سربراہ جلاس اور اس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں تیار کردہ رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔