نئی دہلی ، 23 مارچ (انڈیا نیرٹیو)
اس سال کے آخر تک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ممبر ممالک کی افواج کی انسداد دہشت گردی کی مشق ہونے والی ہے،لیکن اس میں شامل ہونے کے بارے میں ابھی تک ہندوستانی فوج کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ یہ کثیر القومی فوجی مشق ’پابی انسداد دہشت گردی 2021'‘ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہونے والی ہے جہاں اسامہ امریکی کارروائی میں مارا گیا تھا اور 2019 میں بالاکوٹ سرجیکل اسٹرائیک کے دوران ہندوستان نے جیش دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کردیا تھا۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)میں ہندوستان ، پاکستان ، چین ، روس ، قازقستان ، ازبیکستان ، کرغزستان اور تاجکستان شامل ہیں۔ ہر سال ، ان تمام ممالک کی فوجیں روس کی قیادت میں مشترکہ مشق میں حصہ لیتی ہیں۔ اب تک یہ مشق روس میں کی جا چکی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب ایس سی او ممالک کے مابین روس سے باہر فوجی مشقیں ہونے جارہی ہیں۔ تاہم ، ابھی تک ہندوستانی فوج کی جانب سے واضح نہیں ہے کہ وہ اس مشق میں حصہ لے گی یا نہیں۔
اس مشق کے انعقاد کا فیصلہ ازبکستان ، تاشقند میں 18 مارچ کو علاقائی انسداد دہشت گردی کی تنظیم کی کونسل کے 36 ویں اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں تمام ایس سی او ممالک نے حصہ لیا۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کاپابی شہر وہی علاقہ ہے جس کے قریب ہی امریکا نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔