Urdu News

اقوام متحدہ کا یمن کے لیے سعودی عرب کے امن منصوبے کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کا یمن کے لیے سعودی عرب کے امن منصوبے کا خیر مقدم

برسلز،23مارچ(انڈیا نیرٹیو)

سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جاری جنگ کے پرامن انداز میں خاتمے کے لیے نیا امن منصوبہ پیش کرنے پر عالمی برادری کی طرف سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی سعودی عرب کے اس اعلان کو یمن میں جاری کئی سالہ جنگ کے خاتمے کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے سوموار کی شام کوایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی تنظیم یمن جنگ کے خاتمے کے لیے سعودی امن اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے اور یہ اقدام اقوام متحدہ کی کوششوں کےعین مطابق ہے۔ اس سے قبل آج سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کہا تھا کہ مملکت نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں ملک گیر جنگ بندی اور فضائی اور سمندری خطوط کو دوبارہ کھولنے سمیت یمن میں حل کے لیے پہل کی ہے۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوموار کو دارالحکومت الریاض میں ایک نیوزکانفرنس میں اس امن تجویز کے خدوخال بیان کیے ہیں۔اس کے تحت اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن بھر میں جنگ بندی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔انھوں نے بتایاکہ”اس امن اقدام کے تحت یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان سیاسی مذاکرات بحال کیے جائیں گے۔ہم اس امن منصوبہ پر عمل درآمد کے لیے عالمی برادری ،اپنے شراکت داروں اور یمنی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ہم حوثیوں کو مذاکرات کی میز پرلانے اور انھیں ہتھیارڈالنے پرآمادہ کرنے کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے کیونکہ ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ لڑائی کے خاتمے اور بحران کے سیاسی حل پر توجہ مرکوز کرنے ہی سے پیش رفت کی جاسکتی ہے۔“

شہزادہ فیصل کہا کہ ” اگر دونوں فریق اس ڈیل سے متفق ہوجاتے ہیں تو صنعاءکے ہوائی اڈے کو دوبارہ کھول دیا جائے گا اور الحدیدہ کی بندرگاہ کے ذریعے یمن میں ایندھن اور خوراک کو درآمد کیا جاسکے گا۔‘‘

متحدہ عرب امارات کا یمن میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم

متحدہ عرب امارات نے یمن میں جنگ بندی کے لیے سعودی عرب کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے سوموار کے روز ایک بیان میں کہا کہ برادر ملک سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا یمن میں جنگ بندی سے متعلق اعلان یمن بحران کے حل کے لیے ہونے والی سیاسی کوششوں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

الشیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کے اقدام میں مکمل طور پر الریاض کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان تنازع کے سیاسی حل کا بہترین اور قیمتی موقع ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے یمن میں جنگ بندی سے متعلق اعلان کے بعد تمام فریقین کو اس پرعمل درآمد کے لیے تیار کریں۔

اماراتی وزیر خارجہ نے یمن میں نئی حکومت کے قیام کے لیے سعودی عرب کی کاوشوں اور الریاض معاہدے پر عمل درآمد کرانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یمن میں قیام امن کو ایک اور موقع دیتے ہوئے مملکت کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس موقعے پر یمن کے بحران کے سیاسی حل کے لیے ایک امن فارمولہ بھی پیش کیا جسے امریکا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی طرف سے سراہا گیا ہے۔

Recommended