وزیراعظم ہند کا پاکستانی ہم منصب کو ارسال کردہ خط میں دوستی کی خواہش کا اظہار حوصلہ افزا: نیشنل کانفرنس
سری نگر،25مارچ (انڈیا نیرٹیو)
نیشنل کانفرنس نے یومِ پاکستان کے سلسلے میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی طرف سے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو تحریری خط ارسال کرکے مبارک باد اور نیک خواہشات کے علاوہ پاکستان کے ساتھ دوستی کی خواہش کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک مفاہمت کا یہ سلسلہ جاری رکھ کر اعتماد سازی کو دوام بخشیں گے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گزشتہ ایام کے دوران مفاہمت اور اعتمادسازی کے جو اقدامات دیکھنے کو مل رہے ہیں وہ انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزاہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی طرف سے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر من و عن عمل کرنے سے سرحدوں کے قریب قیام پذیر لوگوں کو حقیقی معنوں میں راحت ملی ہے اور سرحدوں سے ہجرت کرنے والوں نے اپنے گھروں کو واپس جانا شروع کردیا ہے۔
پارٹی ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک نے رشتوں کو استوار کرنے کی جو نئی پہل کی ہے وہ قابل ستائش ہے اور برصغیر کے پائیدار امن کے علاوہ دونوں ممالک کے عوام کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا راز اسی میں مضمر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بھارت اور پاکستان کے درمیان دو سال کے بعدنئی دہلی میں دوروزہ آبی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا بھی خیر مقدم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک آپسی رشتوں کو مضبوط کرکے تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حامی رہی ہے اور ہمیشہ اس بات کی وکالت کرتے آئی ہے کہ آر پار جموں و کشمیر کے تمام راستے کھولے جائیں تاکہ لوگوں کا آپس میں رابطہ بحال ہو۔
وزیراعظم کا اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام مکتوب صحیح سمت میں اٹھایا جانے والا قدم: محبوبہ مفتی
محبوبہ مفتی نے وزیراعظم کا عمران خان کے نام مکتوب کو صحیح سمت میں اٹھایا جانے والا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا عمل بحال ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے بھی کہا تھا کہ دوستوں کو بدلا جا سکتا ہے لیکن ہمسایوں کو نہیں۔
انہوں نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک ٹویٹ میں کیا جو انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر ارسال کئے گئے خط کے رد عمل میں کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا وزیراعظم مودی کا اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ رابطہ کرنا صحیح سمت میں اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے۔ جیسا کہ واجپئی جی نے بھی کہا تھا کہ دوستوں کو بدلا جا سکتا ہے لیکن ہمسایوں کو نہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل شروع ہوگا ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کو مرہم کی ضرورت ہے۔
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہشمند ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کو مسائل کے حل کے لئے بات چیت کا عمل شروع کرنا چاہئے۔ سیاسی مبصرین اس خط کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری ہونے کی نوید تصور کرتے ہیں۔