لاہور،25مارچ(انڈیا نیرٹیو)
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جاتی امرااراضی اسکینڈل میں 12 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے 10، 10 لاکھ روپے دو مچلکوں کے عوض مریم نواز کی حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔
عدالت نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے مریم نواز کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوران سماعت مریم نواز شریف، رانا ثناءاللہ خان، پرویز رشید اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ اور محمد امجد پرویز ایڈووکیٹ بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ نیب نے مریم نواز کو دو انکوائریز میں جمعہ کے روز طلب کیا ہے اور نیب حکومت کے دباؤپر انہیں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ نیب یہ عادت ہے کہ وہ بلوا کر گرفتار کر لیتا ہے۔ مریم نواز نے درخواست میں مﺅقف اختیار کہ وہ انکوئری میں شامل ہونا چاہتی ہیں تاہم انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ان کی عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ انہیں عبوری ضمانت دی جائے۔مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مریم نواز پہلے بھی چوہدری شوگر ملز کیس میں 48 دن نیب کی حراست میں رہیں۔ اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کچھ ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیا ہے اور اگر مزید ریکارڈ مانگا گیا تو وہ بھی فراہم کر دیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان کی عدالت میں پیش ہوئے اور ان سے درخواست کی مریم نواز شریف کو نیب لاہور کی جانب سے جمعہ کے روز جاتی امراءاراضی اسکینڈل کیس میں طلب کیا گیا ہے اور انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ان کو عبوری ضمانت دی جائے اور اس حوالہ سے انہیں عدالت میں پیش ہونے کے لئے سیکیورٹی فراہم جائے اور ان کی درخواست ضمانت آج ہی سماعت کے لیےمقرر کی جائے۔اس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے فوری طور پر ڈی ایس پی سیکورٹی لاہور ہائی کورٹ کو طلب کیا اور انہیں مریم نواز کو عدالت آمد پر مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی اور انہیں ہدایت کی کہ مریم نواز کی عدالت میں پیشی کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہونا چاہیے۔ مریم نواز شریف، رانا ثناءاللہ خان، پرویز رشید اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز شریف کی درخواست فوری طور پر سماعت کے لیے جسٹس محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کو بھجوا دی۔