انل دیشمکھ کا استعفیٰ منظور، این سی پی دلیپ والسے پاٹل نئے وزیر داخلہ ہوں گے
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے وزیر داخلہ انل دیشمکھ کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور اب وزیر داخلہ کی ذمہ داریNCP کے دلیپ والسے پاٹل کو دی گئی ہے جو کابینہ کے وزیر ہیں۔ ریاست کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے گورنر کوشیاری کو انل دیشمکھ کے استعفے کا خط اس درخواست کے ساتھ پیش کردیا ہے کہ آپ اسے قبول کرلیں۔
راج بھون سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے ٹھاکرے کی یہ سفارش بھی قبول کرلی ہے کہ دلیپ والسے پاٹل کو محکمہ داخلہ کا چارج دیا جائے۔ مراسلے میں یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ دلپ والسے پاٹل کے لیبر محکمے کا چارج حسن مشرف کو اضافی چارج کے طور پر دیا جائے جو دیہی ترقیات کے وزیر بھی ہیں اور ریاستی ایکسائز محکمہ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار کو سونپا جائے۔
اِس سے پہلے دن میں انل دیشمکھ نے وزیر داخلہ کی حیثیت سے اُس وقت استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ بامبے ہائی کورٹ نے CBI کو بدعنوانی کے الزامات کی ابتدائی انکوائری کا حکم دیا تھا جو ممبئی پولیس کے سابق سربراہ پرم بیر سنگھ کی طرف سے اُن کے خلاف لگائے گئے تھے۔