Urdu News

کشمیرمیں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری

کشمیرمیں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری

جموں و کشمیر اور لداخ میں 8 اپریل سے موسم میں بہتری آئے گی: محکمہ موسمیات

سری نگر، 07اپریل( انڈیا نیرٹیو)

جموں و کشمیر اور لداخ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ تک برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری ر ہنے کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں 8 اپریل سے موسم میں بہتری آئے گی۔

نمائندے کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے دھوپ چھاؤں کے چلتے سری نگر شہر اور وادی کے دوسرے کئی اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارشوں سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ادھر گلمر گ پہلگام کے بالائی علاقوں،نوگام سیکٹر،مڑھل،فرکیاں گلی،زیڈ گلی،سادھنا ٹاپ،رازداراں پاس اور چوکی بل اور ملحقہ علاقوں سے بھی گذشتہ شب ہلکی برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

مجموعی طور پر وادی کے کم و بیش تمام اضلاع اور قصبہ جات جن میں سرینگر کیساتھ ساتھ بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، بڈگام، بیروہ، خانصاحب، گاندربل، کنگن، پلوامہ، پانپور، شوپیان، کولگام، اننت ناگ، مٹن، بجبہاڑہ قاضی گنڈ، ترال اور اونتی پورہ شامل ہیں، میں ہلکی سے درمیانہ اور بعض مقامات پر بھاری درجے کی بارشیں ہوئیں اور موسم میں اس تبدیلی کے پیش نظر درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ کے میدانی علاقوں مں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ سات اپریل یعنی بدھ تک جاری رہے گا۔۔محکمہ کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں 8 اپریل سے موسم میں بہتری آئے گی۔منگل کے روز سری نگر میں کم سے کم درجہ حرار ت 8.8، پہلگام 5.9 اور گلمرگ 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

واضح رہے محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ چار اپریل کی شام کو مغربی ہوائیں جموں و کشمیر میں داخل ہوں گی جس سے یہاں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی اندیشہ ہے جس کی رفتار تیس سے چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔

Recommended