قانون کے وزیر روی شنکر پرساد نے، اِن دعووں کو مسترد کردیا ہے کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی قلت ہے
وزیر قانون روی شنکر پرساد نے آج کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے اِس دعوے کو مسترد کردیا کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی قلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ویکسین کی قلت نہیں ہے ، بلکہ جناب گاندھی کو بقول اُن کے توجہ کی کمی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے جناب گاندھی سے یہ بھی پوچھا کہ انہوں نے اب تک کووڈ کا ٹیکہ کیوں نہیں لگوایا ہے۔ ایک سلسلہ وار ٹوئیٹ میں ، جناب پرساد نے الزام لگایا کہ کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں میں ویکسین کی قلت نہیں ہے بلکہ وہاں حفظانِ صحت کے تئیں بنیادی عزم کا فقدان ہے۔ کووڈ ٹیکہ کاری سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے نام جناب گاندھی کے خط پر سوال اٹھاتے ہوئے ، وزیر موصوف نے کہا کہ انہیں کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں کو خط لکھنا چاہیئے کہ وہ لاکھوں ٹیکے لگانے پر دھیان دیں ، جو اُن کے پاس موجود ہیں اور جس کیلئے وہ کچھ نہیں کررہی ہیں ۔
اس سے پہلے وزیر اعظم کو لکھے گئے ایک خط میں جناب گاندھی نے کورونا وائرس کی ویکسین برآمد کرنے کے حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا اور مانگ کی تھی کہ ہر ایک کو ، جسے اِس کی ضرورت ہے ، ٹیکہ لگانے کی اجازت دیں۔