آج ہندوستانی آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا 130 واں یوم پیدائش
ملک آج بھارتی آئین کے معمارِ اعلیٰ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کو اُن کے 130 ویں یومِ پیدائش پر یاد کررہا ہے۔بھارتی آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے۔ وہ ایک سماجی مصلح، ماہر اقتصادیات اور سیاست داں تھے، جنھوں نے اپنی زندگی، عوام کے لیے وقف کردی۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے اپنی پوری زندگی، سماج کے پسماندہ طبقے کے تئیں سماجی اور ذات برادری پر مبنی تفریق کو ختم کرنے کے لیے کام کیا۔
اُن کی پیدائش 14 اپریل 1891 کو مدھیہ پردیش کے اِندور ضلع کے ماو ¿ قصبے میں ہوئی۔ وہ اپنے والدین کی چودہویں اولاد تھے۔ وہ آزاد بھارت کے قانون و انصاف کے پہلے وزیر بنے اور اُن کا انتقال 6 دسمبر 1956 کو ہوا۔ انہیں بعدازمرگ1990 میں بھارت کے اعلیٰ ترین سوِل اعزاز بھارت رتن سے نوازا گیا۔
اِسی دوران مغربی کنیڈا کے برطانوی کولمبیا صوبے میں ڈاکٹر امبیڈکر کا یومِ پیدائش، مساوات کے دن کے طور پر منایا جارہا ہے۔
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یوم پیدائش پر شہریوں کومبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں صدر کووند نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے اپنی تحریک دینے والی پوری زندگی کے دوران انتہائی نامساعد حالات میں ایک منفرد راستہ اختیار کیا اور اپنی غیر معمولی اور کثیر جہتی حصولیابیوں کی وجہ سے دادِتحسین حاصل کی۔جناب کووند نے کہا کہ وہ ایسا جدید بھارت تعمیر کرنا چاہتے ہیں، جس میں ذات برادری یا کسی اور وجہ سے کوئی تعصب نہ ہو۔