نئی تعلیمی پالیسی میں طلباکو خودکفیل باننے پر زور دیا گیا ہے : پوکھریال
نئی دہلی ، 16اپریل (انڈیا نیرٹیو)
مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال 'نشنک' نے نئی تعلیمی پالیسی -2020 کے تحت یونیورسٹیوں سے ایسی تعلیم کی فراہمی پر زور دیا ہے جس سے طلباکو خود انحصارہونے میں مدد ملتی ہو۔ مرکزی وزیرتعلیم جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے 34 ویں کانووکیشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں 2،37،844 کامیاب طلبا کو مختلف ڈگریوں ، ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
کووڈ – 19سے متاثرین میں اضافے کے پیش نظرآن لائن کنووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں 29 ہونہار طلبہ کو میڈل سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں 55 پی ایچ ڈی اور 13 ایم فل ڈگریاں بھی دی گئیں۔ اس بار خاتون طلبہ نےعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کل 29 تمغوں میں سے 21 خواتین طلباء کو دئے گئے ہیں اور پی ایچ ڈی اور ایم فل میں 37 خواتین طالبات تھیں۔
کامیاب طلبا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ،مرکزی وزیر تعلیم نے کہا کہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی شروع سے ہی فاصلاتی تعلیم کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے میں قابل تحسین کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کی اصل کشش خود انحصاری ہے ، جو پیشہ ورانہ تعلیم کو مربوط کرتی ہے ، جس سے نظام تعلیم میں تعمیری تبدیلیاں لائی جاتی ہیں۔