آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو ہائی کورٹ سے ملی ضمانت
پٹنہ ؍رانچی ، 17 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ہفتہ کے روز بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو بڑی راحت ملی ہے۔عدالت نے انہیں ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے دمکا خزانے معاملے میں نصف سزا پوری کرنے کی بنیاد پر لالو کو ضمانت کی منظور کر لی ہے۔ عدالت نے لالو پرساد کو پانچ ۔ پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی رقم جمع کرنے اور ایک ایک لاکھ کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی ۔
حالانکہ کورٹ کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جا پائیں گے اور نہ ہی کسی بھی حالت میں اپنا پتہ اور موبائل نمبر تبدیل کریں گے۔ ہائی کورٹ نے لالو کو ضمانت کے دوران ان شرائط پر عمل کا پابند بنایا ہے۔
عدالت میں لالو پرساد کی طرف سے وکیل کپل سبل نے دلیل پیش کی ۔ اس میں درخواست کے مطابق سبل نے عدالت کو بتایا کہ لالو یادو نے اپنی نصف سزا پوری کر لی ہے۔ ایسے میں اب انہیں ضمانت ملنی چاہئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سی بی آئی عدالت کی طرف کی سے مختلف دفعات کے تحت لالو کو سات سات سال کی سزا سنائی گئی تھی ۔ دمکا عدالت نے کہا تھا کہ دونوں سزائیں الگ۔ الگ چلیںگی۔ ایسے میں دمکا عدالت کی طرف سے لالو کو 14 سال کی سزا دی گئی ۔ معاملے کی سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس اپریش کمار سنگ کی عدالت میں ہوئی ۔
عدالت نے 19 فروری کو ضمانت عرضی کی تھی واپس
9۔ اپریل کو لالو پرساد نے اپنی نصف سزا پوری کی ۔ اسی دوران دمکا کے وکیل دیورشی منڈل کی جانب سے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی۔ اس میں ضمانت کا مطالبہ کیاگیا۔ اس سے قبل بھی لالو کے لئے ضمانت کا مطالبہ کیا گیا تھا ، جسے عدالت نے 19 فروری کو واپس کر دیا تھا۔ اس دوران عدالت نے کہا کہ لالو پرساد نے نصف سزا پوری نہیں کی ہے۔ ایسے میں نصف سزا پوری ہونے پر عدالت نے کیس کی سماعت کی اور ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔
قابل ذکربات یہ ہے کہ معاملہ دمکا خزانے سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ لالو نے دمکاخزانے سے 89 لاکھ 27 ہزار کی غیر قانونی نکاسی کی تھی ۔ سپریم کورٹ کے قوانین کے مطابق نصف سزا پوری ہونے پر ضمانت مل سکتی ہے۔
فی الحال لالو کا علاج دہلی واقع ایمس اسپتال میں چل رہا ہے۔ ضمانت ملنے کے بعد اب لالو جیل سے باہر آجائیں گے۔
لالو یادو کو ضمانت ملنے کے بعد آرجے ڈی میں خوشی کی لہر
بیٹی روہنی نے کہا ، میری رمضان اور نوراتری کامیاب رہی،اب جے ڈی یو والے مندر جائیں اور چچا جی ارچنا اپواسناکریں
راشٹریہ جنتا دل سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کوجھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز دمکا خزانہ معاملے میں ضمانت دے دی ہے۔ ضمانت ملنے کے بعد راجدھانی پٹنہ میں آرجے ڈی کیمپ میں خوشی کی لہر ہے۔
لالو کو ضمانت ملنے کے بعد بیٹی روہنی آچاریہ نے مخالفین پر حملہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’ ’دیکھو۔ دیکھو ۔ شیر آیا ‘‘ زہریلے لوگوں کا منہ کالا ہوا‘‘ روہنی نے آگے لکھا ہے کہ’’ ظالم کب تک ظلم کریں گے۔۔ ۔ مسیحا کو کب تک قید رکھیں گے۔۔؟ آیا آیا دیکھو کون ۔۔۔؟ ظالم حکمراں سے وہ لڑکر ۔۔! غریبوں کا مسیحا آیا ۔۔ اس ماٹی کا لال جو آیا !! روہنی نے کہا ’’ میرا رمضان اور نوراتری کامیاب ہوا۔ آج مجھے اوپر والے کی طرف سے عید ی مل گئی۔
جے ڈی یو کے بھوپو میرے والد کو آزادی نہیں دے رہے تھے۔ میں ان کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ بھلے ہی وہ مجاہد آزادی نہ ہو ، لیکن سماجی انصاف کی جنگ میں شامل ضرور تھے۔ اب جے ڈی یو والے مندر جائے اور چچا جی ارچنا اپواسنا کریں۔ لالو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر صحت تیج پرتاپ یادو نے ٹویٹ کر لکھا ہے کہ ’’غریبوں ، محروموں اور پسماندہ کا رہنما آرہا ہے۔ واضح ہوکہ انصاف کرنے والاہمارا قائد آرہا ہے۔‘‘
لالو پرساد کو ضمانت ملنے کے بعد آر جے ڈی نے اپنے کارکنوں کے لیے ایک رہنما اصول جاری کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے لالو پرساد کو ضمانت مل گئی ہے۔ تمام خیر خواہوں ، حمایتی اور کارکنوں سے عاجزی کے ساتھ درخواست کی گئی ہے کہ وہ کورونا پروٹوکول کی پیروی کرتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی رہیں۔ کسی بھی قسم کی کوئی خوشی نہ منائیں۔ آپ سے خصوصی درخواست ہے کہ پٹنہ واقع رہائش گاہ پر کسی بھی قسم کا ہجوم جمع نہ کریں۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کورونا کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے کسی سے ملاقات نہیں کر رہے ہیں۔