اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کی 'مشتبہ' گاڑی میں فائرنگ سے خاتون زخمی
سری نگر ،17 اپریل( انڈیا نیرٹیو)
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ہفتے کے روز نیم فوجی دستہ سی آر پی ایف کی جانب سے گاڑی پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے ایک مشتبہ گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی جسے بعد میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
کپواڑہ میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 900 گرام ہیروئن برآمد کی
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں پولیس نے دو افراد سے 900 گرام ہیروئن برآمد کی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں افراد ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے، جسے پولیس ٹیم نے رات کے دوران لانگیٹ کے علاقے میں ایک ناکے پر روک لیا۔
تلاشی کے دوران گاڑی سے 900 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گاڑی میں سفر کرنے والے دونوں افراد کی شناخت محمد یوسف بھٹ اور جاوید احمد خان ساکن گنڈ چیبٹرا کے نام سے ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران ، انکشاف ہوا کہ محمد یوسف بھٹ جو کہ سابق دہشت گرد ہے اور دلشادہ بیگم کا شوہر ہے جو کہ پرنگرو گاؤں کی سرپنچ ہے۔ ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کی گاڑی ضبط کرلی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔