وزیر اعظم نریندر مودی نے ویکسین کو کورونا کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار قرار دیا
وزیر اعظم نے دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں وسائل کو بہتر بنانے کی کوششوں میں تیزی لانے پر زور دیا ہے کیوں کہ کووڈ-اُنیس وبا اِن علاقوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اِن شہروں میں کام کرنے والے اپنے ساتھیوں سے رابطے قائم کریں اور اُنہیں آن لائن صلاح مشور دیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پورے پروٹوکول پر درست طریقے سے عمل ہورہا ہے۔
کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ملک بھر کے ڈاکٹروں کے ساتھ کووڈ-اُنیس اور ٹیکہ کاری میں پیش رفت کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اُن پر زور دیا کہ کہ وہ لوگوں کو کووڈ-اُنیس کے علاج اور اِس کی روک تھام کے بارے میں مختلف افواہوں کے بارے میں بتائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ لوگ اِس مشکل وقت میں خوف کا شکار نہ ہوں۔ جناب مودی نے کہا کہ اِس کے لئے مناسب علاج کے ساتھ ساتھ اسپتال میں داخل مریضوں کی کونسلنگ پر بھی زور دیا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹروں، کی اِس بات کے لیے حوصلہ افزائی کی کہ اگر کوئی ایمرجنسی نہیں ہے تو اُس صورت میں دوسرے امراض کے لیےٹیلی میڈیسن کا استعمال کریں۔
جناب مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ٹیکہ کاری سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ انھوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ٹیکہ لگوانے کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹروں نے کووڈ۔اُنیس وبا سے نمٹنے میں اپنے اپنے تجربات بیان کیے۔ انھوں نے اِس بارے میں بھی بتایا کہ وہ کس طرح حفظانِ صحت کے ڈھانچے کو بہتر بنا رہے ہیں۔ انھوں نے وبا سے نمٹنے میں وزیر اعظم کی قیادت پر انھیں مبارک باد بھی دی۔