دہلی میں کورونا کے 24000 نئے معاملے ، 249 اموات
دارالحکومت میں کورونا وائرس کے معاملات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیزی سے اضافہ جاری ہے اور اس عرصے کے دوران 24،000 سے زیادہ نئے معاملے رپورٹ ہوئے اور 249 مزید مریضوں کی موت ہوگئی جب کہ فعال معاملے 8،600 سے زیادہ بڑھ کر 85،000 تک پہنچ گئے۔
دہلی میں بدھ کو فعال معاملوں کی تعداد 8،477 زیادہ ہونے کی وجہ سے فعال معاملوں کی تعداد بڑھ کر مجموعی طور سے 85،364 ہوگئی۔ دارالحکومت میں نئے معاملات کے مقابلے میں صحت مند ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی کی وجہ سے فعال معاملے میں یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے آج جاری کردہ بلیٹن کے مطابق اس عرصے میں 24،638 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 9،30،179 ہوگئی ہے ، جب کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 8،31،928 ہوگئی ہے۔
اس عرصے کے دوران 249 مزید مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد 12،887 ہوگئی۔ دارالحکومت میں اموات کی شرح صرف 1.39 فیصد ہے۔ مرنے والوں کے معاملے میں دہلی ملک میں چوتھے نمبر پر ہے۔
دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78،768 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے ساتھ اب تک کی جانے والی جانچ کی تعداد 2.72 کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے۔دریں اثنا ، دارالحکومت میں کنٹیمنٹ زون کی تعداد بڑھ کر 19،624 ہوگئی ہے جب کہ منگل کو یہ تعداد 17،151 تھی۔