مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لیے پولنگ جاری
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے۔ ووٹ دینے کا عمل، جو صبح سات بجے شروع ہوا، شام ساڑھے چھ بجے ختم ہوگا۔ 4 اضلاع پر محیط 43 اسمبلی سیٹوں کے لیے 27 خواتین سمیت 306 امیدوار میدان میں ہیں۔ حکمراںAITCاورBJPتمام 43 سیٹوں پر انتخاب لڑرہی ہے۔ جب کہ کانگریس، بائیں بازو کی پارٹیاں اور اُن کے اتحادی ساجھیدار انڈین سیکولر فرنٹ، سینکت مورچے کے بینر تلے چناؤ لڑرہی ہیں۔
انتخابی کمیشن نے انتخابی عمل میں شفافیت اور اعتماد میں اضافے کے پیشِ نظر ہر پولنگ اسٹیشن پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ وی وی پیٹ استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ موجودہ کووڈ اُنیس وبا کے پیشِ نظر انتخابی کمیشن نے ایک پولنگ اسٹیشن پر زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ووٹروں کی اجازت دی ہے، جب کہ اِس سے پہلے ڈیڑھ ہزار ووٹروں کو ووٹ دینے کی اجازت تھی۔
ڈاک سے ووٹ دینے کی سہولت معذوری سے متاثرہ افراد اور 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے علاوہ کووڈ اُنیس کے مریضوں یا اُن لوگوں کو بھی فراہم کی گئی ہے، جو گھر پر یا ادارہ جاتی قرنطینہ میں ہیں اور اُن کی تصدیق اہل اتھارٹی کے ذریعے کی گئی ہے۔
ہر پولنگ اسٹیشن پر پینے کے پانی، انتظار کرنے کے لیے سائبان، بیت الخلاء جیسی سہولیات کے ساتھ ساتھ معذوری سے متاثرہ افراد کیلئے روشنی اور ریمپ کا بندوبست بھی کیاگیا ہے۔
انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لیے مرکزی فورسز نے 779 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔ کمیشن نے صرف بارک پور حلقے میں ہی 107 کمپنیاں تعینات کی ہیں، جہاں پچھلے چند انتخابات میں تشدد کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سب سے زیادہ 278 کمپنیاں شمالی 24 پرگنہ ضلعے میں تعینات کی گئی ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اِس اقدام کا مقصد پُر امن اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔