وزیر اعظم مودی نے مولانا وحید الدین خاں کے انتقال پر غم کا اظہار کیا
نئی دہلی ، 22 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اسلامی اسکالر مولانا وحید الدین خاں کی وفات پر غم کا اظہار کیا۔معروف اسلامی اسکالر اور پدم وبھوشن ایوارڈ سےسرفرازوحیدالدین خان بدھ کے روز 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں 12 اپریل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے ایودھیا معاملے کو حل کرنے کے لیے ' متبادل ' کی بھی پیش کش کی تھی۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا ، " مولانا وحیدالدین خان کے انتقال سے رنجیدہ ہوں۔ انہیں علم الہیات اور روحانیت کے معاملات پر عملی جانکاری کے لیے یاد کیا جائے گا۔ انہیں قوم کی خدمت اور معاشرہ کو بااختیار بنانے کے لیے بھی یادرکھاجائے گا۔ ان کے کنبے اور بے شمار خیر خواہوں کو میری طرف سے تعزیت۔
واضح ہو کہ کل ہندوستان کے معروف اسلامی اسکالر وحیدالدین خان انتقال کرگئے تھے۔ہندوستان کے معروف اسلامک اسکالر اور پدم بھوشن سے سرفراز مولانا وحیدالدین خان 96 برس کے تھے۔
ان کی پیدائش یکم جنوری 1925کو بڈھریا اعظم گڑھ، اتر پردیش میں ہوئی۔ وہ مدرسۃ الاصلاح اعظم گڑھ کے فارغ التحصیل عالم دین، مصنف، مقرر اورمفکرتھے۔ وہ اسلامی مرکز نئی دہلی کے چیرمین اور ماہ نامہ الرسالہ کے مدیر تھے۔وہ 1967 سے 1974 تک الجمعیۃ ویکلی(دہلی) کے مدیر رہ چکے ہیں۔ آپ کی تحریریں بلا تفریق مذہب و نسل مطالعہ کی جاتی ہیں۔خان صاحب پانچ زبانیں جانتے ہیں (اردو، ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی) ان زبانوں میں لکھتے اور بیان دیتے تھے۔
ٹی وی چینلوں میں آپ کے پروگرام نشر ہوتے رہے ہیں۔ مولانا وحیدالدین خاں عام طور پر دانشور طبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں۔ ان کا مشن ہے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا۔ اسلام کے متعلق غیر مسلموں میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کرنا۔ مسلمانوں میں مدعو قوم (غیر مسلموں) کی ایذا وتکلیف پر یک طرفہ طور پرصبر اور اعراض کی تعلیم کو عام کرنا ہے جو ان کی رائے میں دعوت دین کے لیے ضروری ہے۔
صدر جمہوریہ نے مولانا وحید الدین کے انتقال پر غم کا اظہار کیا
صدر رام ناتھ کووند نے اجودھیا مسئلے کے حل کے لیے’متبادل‘ پیش کرنے والے نامور اسلامی اسکالر مولانا وحید الدین خان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو صدر کووند نے ٹویٹ کیا ’مشہور اسلامی اسکالر مولانا مولانا وحیدالدین خان کے انتقال پرگہرادکھ ہوا ہے۔ پدم وبھوشن سے سرفرازمولانا وحیدالدین نے معاشرے میں امن ، ہم آہنگی اور اصلاحات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ان کے خاندان اور خیر خواہوں سے تعزیت۔معروف اسلامی اسکالر اور پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ مولا نا وحیدالدین خان 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انہیں 12 اپریل کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔