من کی بات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی وبا کورونا وائرس پر گفتگو کی
وزیراعظم نے ’من کی بات‘ پروگرام میں کووڈ عالمی وبا پر توجہ مرکوز کی اور کورونا جانبازوں کےساتھ گفتگو کی
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا بحران کے اس دور میں ہر ایک شخص ٹیکے کی اہمیت سمجھ رہا ہے۔جناب نریندر مودی نے سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین کے بارے میں کسی بھی طرح کی افواہ سے بہکاوے میں نہ آئیں۔
آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ45 سال سے زیادہ عمر کے لوگ مفت ویکسین سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں‘ جو مرکزی سرکارنے سبھی ریاستوں کی سرکاروں کو بھیجے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مئی سے ملک میں18 سال سے زیادہ عمر کے سبھی افراد ٹیکہ لگوا سکیں گے۔
جناب مودی نے کہا کہ اب کارپوریٹ سیکٹر کی کمپنیاں بھی اپنے اپنے ملازمین کو ٹیکہ لگانےکے پروگرام میں شامل ہوسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ مفت ٹیکے لگانے کا مرکز کاپروگرام آگے بھی جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی سرکار کی مفت ٹیکہ لگانے کی مہم کا فائدہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔ جناب مودی نے لوگوں سے بھی زور دے کر کہا کہ وہ ٹیکہ لگوائیں‘ احتیاط برتیں اور محفوظ رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں دوائی بھی‘ کڑائی بھی کے منتر کو نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ جلد ہی اس بحران سے باہر نکل سکیں گے۔ جناب مودی نے کہا کہ مرکزی سرکار ریاستوں کی سرکاروں کی کوششوں کو آگے لے جانے میں بھرپور انداز سے معاونت کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاستوں کی سرکاریں بھی اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ اس بحران پر عبور حاصل کرنے کی خاطر انہوں نے مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین کےساتھ تفصیلی بات چیت کی ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ دوا سازی کی صنعت‘ ویکسین تیارکرنے والی کمپنیوں‘ آکسیجن کی تیاری سے وابستہ اداروں اور طبی شعبے کے ماہرین نےسرکار کے سامنے اپنی اپنی اہم تجویزیں پیش کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کووڈ-اُنیس کے خلاف اس لڑائی میں کامیاب ہونے کی خاطر اس بار ہمیں ماہرین اور سائنسی برادری کے لوگوں کی صلاح کو ترجیح دینی ہوگی۔ جناب مودی نے من کی بات کے آج کے نشریہ میں کووڈ-انیس عالمی وبا پر ہی پوری توجہ مرکوز کی۔وزیراعظم نے کورونا جانبازوں کے ساتھ گفتگو بھی کی۔
جناب مودی نے کہا کہ یہ بات صحیح ہے کہ کئی لوگ کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں لیکن ساتھ ہی صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی اتنی ہی زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ طبی شعبےسے وابستہ ہمارے اہلکار اور پیش پیش رہنے والے کارکن سبھی دن رات کام میں لگے ہوئےہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ معاشرے کے دیگر لوگ بھی اس مرتبہ پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک بار پھر متحد ہوکر کورونا سے نمٹ رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیلنج والے اس دور میں بھی ملک کے مختلف حصوں میں رضا کار تنظیمیں آگے آرہی ہیں اور دوسروں کی مدد کے لیے جو کچھ بھی وہ کرسکتی ہیں‘ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔