Urdu News

آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ کرنے والے پانچ سپلائرس کو توہین عدالت کا نوٹس

آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ کرنے والے پانچ سپلائرس کو توہین عدالت کا نوٹس

آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ کرنے والے پانچ سپلائرس کو توہین عدالت کا نوٹس

دہلی ہائی کورٹ نے آکسیجن سلنڈروں کی ری فلنگ کرنے والے پانچ سپلائرس کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے سیٹھ ایئر کمپنی پر آکسیجن کی بلیک مارکیٹنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی یونٹ کو ٹیک اوور کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے دہلی حکومت کو ہدایت دی کہ سیٹھ ایئر کوٹیک اوور کر اپنے ہاتھ میں لیں اور اس کو چلائیں۔

عدالت نے کہا کہ ہم نے آج انہیں عدالت کی سماعت میں حاضر ہونے کو کہا تھا ، لیکن صرف ایک سپلائرملتان ایئر حاضر ہوا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایک بڑا سپلائیر سیٹھ ایئر اور دوسرا ونائک ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہمیں حیرت ہے کہ دہلی حکومت کے 22 اپریل کے حکم میں گیس ری فلنگ کرنے والوں پر کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ گیس کی ریفلنگ کرنے والوں کے پاس اچھی مقدار میں گیس کی فراہمی کی جارہی ہے ، لیکن کوئی میکانزم تیار نہیں کیا گیا ہے تاکہ اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی ہوسکے۔

عدالت نے کہا کہ سیٹھ ایئر کے مطابق اس کے پاس بیس میٹرک ٹن آکسیجن ہے۔ سیٹھ ایئر مہاراجہ اگرسین اسپتال کوگزشتہ سات سالوں سے آکسیجن کی فراہمی کررہا ہے۔ عدالت نے سیٹھ ایئر کوہدایت دی کہ وہ مہاراجہ اگرسین اسپتال کو آکسیجن کی فراہمی جاری رکھے۔ عدالت نے سیٹھ ایئرسے پوچھا کہ اس نے آکسیجن کی فراہمی کیوں نہیں کی۔ سیٹھ ایئر نے پھر کہا کہ ہم نے اسپتال سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ انہیں ضرورت نہیں ہے۔ اس پر جسٹس وپن سانگھی نے سیٹھ ایئر سے کہا کہ اب ہم آپ کوابھی حراست میں لے لیںگے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں ہے؟ آپ ہمیں بیوقوف سمجھتے ہیں۔ مریض اسپتال میں دم توڑ رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ سیٹھ ایئر آکسیجن کی بلیک مارکیٹنگ کر رہے ہوں اور آکسیجن سلنڈر فروخت کر رہے ہوں۔ عدالت نے دہلی حکومت کو ہدایت دی کہ اس پر غور کریں اور سیٹھ ایئر کی یونٹ کو اپنے ہاتھ میں لیں۔ عدالت نے سیٹھ ایئرکے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اگر یونٹ دہلی حکومت چلاتی ہے تو کوئی رکاوٹ پیدا نہ کرے۔ عدالت نے کہا کہ سیٹھ ایئر نے وینکٹیشور اسپتال کو آکسیجن کی فراہمی بھی نہیں کی۔ دہلی حکومت کے نوڈل آفیسر ادیت پرکاش رائے نے اس کی تصدیق کی ہے۔ عدالت نے دہلی حکومت سے کل تک سیٹھ ایئرکوٹیک اوور کرلینے کے لئے کہا۔ یہ احکامات باقی لوگوں کے لیے ایک مثال ہوں گے۔

Recommended