اترپردیش سرکار نے ہفتہ کا کرفیو منگل کی صبح تک بڑھا یا
اترپردیش سرکار نے ریاست میں ختم ہفتہ پر کورونا کرفیو مزید ایک دن کے لیے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس طرح ریاست میں کرفیو کَل شام آٹھ بجے سے منگل کو صبح سات بجے تک نافذ رہے گا۔ اِدھر ریاست میں آیوش ڈاکٹر بھی کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ہاتھ بٹائیں گے۔
ریاست میں اِس طرح کے تقریباً پانچ ہزار ڈاکٹر ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متعلقہ اہل کاروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں تقریباً 33 ہزار کووڈ بستروں کا اضافہ کیا جائے۔ اِدھر کَل پہلی مئی سے شروع ہونے والی ٹیکہ کاری مہم کو تقویت پہنچانے کی خاطر اترپردیش سرکار نے ٹیکہ کاری کے لیے عالمی ٹینڈر طلب کرنے کافیصلہ کیا ہے۔اِس طرح اترپردیش 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر شخص کی ٹیکہ کاری کے لیے عالمی ٹینڈر طلب کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ ریاست میں لگ بھگ 9 کروڑ افراد ایسے ہیں جو 18 سال سے زیادہ عمر کے ہیں۔