آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد جیل سے رہا ، ابھی ایمس میں ہی رہیں گے
غیر منقسم بہار کے مشہور چارہ گھوٹالہ معاملے میں دسمبر 2017 میں جیل بھیجے گئے آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد آخر کار سوا تین سال بعد رہا ہوگئے ان کی رہائی کے آرڈر جمعرات کو ہی دہلی ایمس بھیج دیئے گئے تھے ، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے ۔ اب ایمس کو رہائی کے آرڈر کی ہارڈ کاپی بھی مل گئی ہے ۔ اب لالو پرساد قید سے آزاد ہیں ، لیکن اہل خانہ نے انہیں فی الحال ایمس میں ہی رکھنے کا فیصلہ لیاہے ۔
ان کی طبیعت خراب ہے ۔ مسلسل ڈاکٹروں کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے ۔ آگے ڈاکٹروں کی صلاح پر ہی انہیں اسپتال سے باہر لایاجائے گا۔
ویسے لالو پرساد کے رہا ہونے کے بعد انہیں راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ بیٹی میسا بھارتی کے دہلی واقع سرکاری رہائش پر رکھنے کا انتظام مکمل کر لیا گیاہے ۔ ایمس میں 25 جنوری سے لالو کا علاج چل رہاہے ۔ اہل خانہ نے بتایا کہ ابھی آرجے ڈی سپریمو کو پٹنہ نہیں بھیجا جائے گا۔ان کی طبیعت مسلسل خراب رہی ہے اور کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں اٹھایاجاسکتا ہے ۔
اہل خانہ کا کہناہے کہ دہلی میں طبی نظام بہتر ہے ۔ لالو کو ڈاکٹر کی دیکھ ۔ ریکھ میں رہنا ہے ۔ ایسے میں دہلی ہی ان کے لیے بہتر ہے ۔ ڈاکٹروں کی صلاح کے مطابق ہی اہل خانہ فیصلہ کریں گے ۔ ڈاکٹروں کی منظوری کے بعد ہی لالو کو گھر لے جایاجائےگا۔