بارہ ریاستوں میں کورونا کے معاملات میں کمی کے ابتدائی آثار ظاہر
حکومت نے کہا ہے کہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کووڈ۔19 کیسوں میں کمی کا شروعاتی رجحان نظر آرہا ہے۔ اِن ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں مہاراشٹر، اترپردیش، دلی، چھتیس گڑھ، گجرات، جھارکھنڈ اور لداخ شامل ہیں۔
نئی دلی میں نامہ نگاروں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ کووڈ کیسوں میں لگ بھگ دو اعشاریہ چار فیصد یومیہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔
جناب اگروال نے کہاکہ سات ریاستوں میں 50 ہزار سے لے کر ایک لاکھ تک زیرعلاج معاملے ہیں جب کہ 17 ریاستوں میں 50 ہزار سے کم مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ مہاراشٹر، کرناٹک ، آندھراپردیش، دلی اور ہریانہ میں کووڈ۔19 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
پرنسپل سائنسی مشیر، کے وجے راگھون نے کہاکہ یہ ویکسین وائرس کی موجودہ قسم کے خلاف کارگر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وائرس کی نئی قسم دنیا بھر میں اور بھارت میں بھی سامنے آئے گی لیکن ایک سے دوسرے کو منتقل ہونے والے وائرس کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوگا اور ان کی تعداد جوں کی توں رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ نازک وقت ہے اور ہم سب کے لیے اس بات کی بہت اہمیت ہے کہ ہم مل کر کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ دنیابھر کو اس عالمی وبا سے نجات مل سکے۔