انوشکا اور ویراٹ نے مدد کے لیے ہاتھ بڑھایا
ملک میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملوں کے دوران فلم اداکارہ انوشکا شرما اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ملک کے اس مشکل وقت میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھایا ہے۔ اطلاع کے مطابق ، انوشکا اور ویراٹ دونوں فنڈ ریزنگ مہم کے ذریعہ ضرورت مندوں کے لیے رقوم اکٹھا کریں گے۔
اس کے ساتھ ، انہوں نے کورونا کی وبا کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے دو کروڑ روپئے کی امداد بھی دی ہے۔ وہ دونوں عام لوگوں سے فنڈ جمع کرنے والی تنظیم کیٹو کے ذریعے رقم جمع کررہے ہیں ۔ اس کا مقصد سات کروڑ روپے اکٹھا کرنا ہے۔ انوشکا اور ویراٹ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے اس مشکل وقت میں مدد کے لیے آگے آئیں۔
اس ویڈیو میں انوشکا کہتی ہے’ہندوستان کے لئے کورونا وائرس کے وبا سے لڑتے ہوئے معاملات بہت مشکل ہوچکے ہیں۔ اپنے ملک کو اس طرح جدوجہد کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے۔‘ اس کے بعد ، ویراٹ کوہلی کہتے ہیں’ہم ان کے بہت شکرگزار ہیں جو دن رات ہمارے لئے لڑ رہے ہیں۔ ہم ان کے خلوص کو سراہتے ہیں۔ لیکن اب انہیں ہمارے تعاون کی ضرورت ہے اور ہمیں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ مل کر ہم اس پر قابو پاسکتے ہیں۔‘