ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین کو نوٹس جاری کیا
نئی دہلی ، 07 مئی ( انڈیا نیرٹیو)
دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کے کابینہ کے وزیر عمران حسین کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس وپن سانگھی کی سربراہی والی بنچ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کل یعنی 8 مئی تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عمران حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے آکسیجن سلنڈر کی جمع خوری کر انہیں تقسیم کروایا۔ یہ درخواست ویدانش آنند نے دائر کی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل امت تیواری نے بلی ماران کے ایم ایل اے اور دہلی حکومت کے کابینہ کے وزیر عمران حسین پر میڈیکل آکسیجن سلنڈر کی جمع خوری کرنے کا الزام عائد کیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 5 مئی کو درخواست گزار نے عام آدمی پارٹی کے دہلی پیج پر دیکھا کہ دہلی کے وزیر عمران حسین اپنی پارٹی کے دفتر میں لوگوں کو مفت میں آکسیجن سپلائی کریں گے۔ اگر کسی کو ضرورت ہو تو وہ وزیر کے دفتر آکر آکسیجن لے سکتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب پورا ملک آکسیجن کے بحران سے گزر رہا ہے ، دہلی حکومت کے وزیر کے ذریعہ آکسیجن سلنڈر کی جمع خوری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران حسین کو آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ درخواست میں دہلی میں میڈیکل آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کا مطالبہ کیا گیاہے۔