Urdu News

ٹوکیو میں اولمپکس سے 11 ہفتے پہلے ایمرجنسی، منسوخ کرنے کے لیے چلائی گئی دستخط مہم

ٹوکیو میں اولمپکس سے 11 ہفتے پہلے ایمرجنسی، منسوخ کرنے کے لیے چلائی گئی دستخط مہم

ٹوکیو اولمپکس جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، اس پرپھر سے کورونا بحران چھانے لگا ہے۔ کھیلوں کا انعقاد رواں سال 23 جولائی سے 8 اگست تک ہونا ہے ، لیکن اس کو منسوخ کرنے کے لیے جاپان میں ایک آن لائن پٹیشن دائر کی گئی ہے۔ اس مہم کو شروع کرنے کے 2 دن کے اندر ، 2 لاکھ سے زیادہ افراد نے دستخط کیے ہیں اور ٹورنامنٹ کے خلاف اپنی مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی ٹوکیو میں اولمپکس سے 11 ہفتے قبل 31 مئی تک کورونا ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

جاپانی کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق یہ آن لائن پٹیشن بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باک ، جاپان کے وزیر اعظم یوشیہادو سوگا اور ٹورنامنٹ سے وابستہ دیگر اداروں اور عہدیداروں کو بھیجی گئی ہے۔

یہ درخواست بدھ کے روز وکیل کینزی اتسونومیہ نے دائر کی ہے ۔ وہ اس سے قبل بھی متعدد بار ٹوکیو حکومت کے خلاف درخواستیں دائر کرچکے ہیں۔کینزی نے سوشل میڈیا کے توسط سے بتایا کہ 17 مئی کو اولمپک مشعل ریلے ایونٹ ہے۔ اسی دن تھامس باک جاپان آئیں گے اور اگلے دن وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس سے پہلے ، ہم زیادہ سے زیادہ مہم کی حمایت میں لوگوں کے دستخط جمع کرنا چاہ رہے ہیں۔ 

درخواست گزار کینزی کا خیال ہے کہ کورونا جیسی وبا کے دوران ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد کرنا بالکل بھی محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے بہت سے شہروں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ لوگ کورونا سے لڑ رہے ہیں۔ ایسی صورت حال میں یہ ٹورنامنٹ صحت کے کارکنوں ، شہریوں اور کھیلوں میں حصہ لینے والوں کے لیے مہلک ثابت ہوگا۔

اولمپکس میں اب بھی تین ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ فی الحال ، کورونا کی وجہ سے شہر ٹوکیو ہنگامی صورتحال سے گذر رہا ہے۔ اسپتالوں میں یہاں صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

اس کے برعکس تھامس باک اور جاپانی آرگنائزنگ کمیٹی شروع سے ہی یہ کہتے آرہے ہیں کہ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ کرایا جائے گا۔جب کہ میڈیا پولس میں بتایا جارہا ہے کہ زیادہ تر لوگ ٹورنامنٹ کے خلاف ہیں۔ جاپان کے عوام ٹورنامنٹ کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کے حق میں ہیں۔

ٹوکیو کے گورنر یوریکو کوئکے اور ورلڈ ایتھلیٹکس آرگنائزیشن کے صدر سیبسٹین کوئےنے حال ہی میں ٹوکیو میں ایک میٹنگ کی تھی۔ اس دوران دونوں کے مابین باہمی تعاون پر بھی معاہدہ ہوا۔ لوگوں کی مخالفت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے لوگوں کو اس مشکل وقت میں ایک نئی امید اور مثبت جذبات ملیں گے۔ سیبسٹین کوئے 2012 لندن اولمپکس کا بھی کامیابی سے انعقاد کر چکے ہیں۔

واضح ہو کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد پچھلے سال ہونا تھا جو کورونا کی وجہ سے ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ کل 11000 کھلاڑی اولمپکس میں حصہ لیں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ٹوکیو میں اولمپکس ملتوی کردیاگیا۔ اس شہر کو پہلے 1940 میں ان کھیلوں کی میزبانی ملی تھی ، لیکن چین کے ساتھ جنگ کی وجہ سے یہ گیمس منسوخ کردیئے گئے تھے۔

اولمپکس کی 124 سالہ تاریخ میں ، اولمپکس کو 3 بار منسوخ کیا گیا ہے اور پہلی بار ملتوی کیا گیا ہے۔ اس عالمی جنگ سے پہلے برلن اولمپکس (1916) ، ٹوکیو (1940) اور لندن گیمس (1944) کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔

Recommended