اب تک ایک کروڑ86 لاکھ سے زیادہ مریض شفایاب ہوچکے ہیں
ملک میں کووڈ کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہونے کارجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ اِس طرح کووڈ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی قومی شرح بھی لگاتار بِہتر ہورہی ہے۔ البتہ کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب بھی کووڈ کے نئے معاملات سامنے آرہے ہیں۔
صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق زیر علاج مریضوں کی تعداد مجموعی طور پر متاثرہ معاملات کا 16 اعشاریہ پانچ دو فیصد ہے۔ ملک میںسردست 37 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔ پچھلے کئی دِن سے ملک میں روزانہ تین لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہورہے ہیں اور اِس طرح شفایاب ہونے کی شرح مزید بِہتر ہوکر 82 اعشاریہ تین آٹھ فیصد ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین لاکھ 53 ہزار سے زیادہ مریض روبہ صحت ہوئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 86 لاکھ سے زیادہ مریض اِنفیکشن سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔اِدھر ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں کووڈ کے تین لاکھ 66 ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین ہزار754 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ اِس طرح اِس وائرس سے اب تک دو لاکھ 46 ہزار سے زیادہ افراد کی موت ہوچکی ہے۔طبی تحقیق کی بھارتی کونسلICMR نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 14 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ کورونا وائرس نمونوں کی جانچ کی گئی۔