ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی کا رجحان
ملک میں کووڈ کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہونے کارجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق زیر علاج مریضوں کی تعداد مجموعی طور پر متاثرہ معاملات کا 16 اعشاریہ پانچ دو فیصد ہے۔ ملک میں سردست 37 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔اِس طرح کووڈ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی قومی شرح بھی لگاتار بِہتر ہورہی ہے۔
پچھلے کئی دِن سے ملک میں روزانہ تین لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہورہے ہیں اور اِس طرح شفایاب ہونے کی شرح مزید بِہتر ہوکر 82 اعشاریہ تین آٹھ فیصد ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین لاکھ 53 ہزار سے زیادہ مریض روبہ صحت ہوئے ہیں۔
اِدھر ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں کووڈ کے تین لاکھ 66 ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین ہزار754 اموات کی اطلاع ملی ہے۔کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب بھی کووڈ کے نئے معاملات سامنے آرہے ہیں۔