انتہائی شدید سمندری طوفان ’توکتے‘گجرات ساحل سے ٹکرانے کی امید
بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں سمندری طوفان توکتے کے زور پکڑنے کا قوی امکان ہے۔ یہ شمال۔شمال مغرب کی جانب پیش قدمی کرے گا اور کل شام گجرات کے ساحل تک پہنچے گا اور منگل کو صبح سویرے بھاونگر ضلع میں پوربندر اورMahuva کے درمیان گجرات ساحل کو پار کرجائے گا۔
موسمیات محکمے کے مطابق مشرق وسطی بحیرہ عرب سے اٹھنے والا انتہائی شدید سمندری طوفان توکتے گزشتہ 6 گھنٹے کے دوران تقریباً13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی سمت بڑھ گیا ہے اور یہ آج ساڑھے گیارہ بجے دن میں جنوب وسطی بحیرہ عرب میں مرکوز تھا۔ یہ سمندری طوفانPanjim گوا کے لگ بھگ 120 کلو میٹر مغرب-جنوب مغرب اور ممبئی کے 380 کلو میٹر جنوب-جنوب مغرب اور ویراوَل گجرات کے 620 کلو میٹر جنوب-جنوب مشرق میں مرکوز ہے۔ ارضیاتی سائنسز کی وزارت نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے سبب کیرالہ، کرناٹک، کونکن، گجرات اور راجستھان میں ہلکی سے معتدل بارش ہونے کی امید ہے۔
موسمیات محکمے نے ماہی گیروں کو کل صبح تک جنوب وسطی بحیرہ عرب اور کرناٹک سے متصل سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ اسی طرح اُنہیں منگل تک مشرق وسطی بحیرہ عرب کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر سے متصل سمندر اور شمال مشرقی بحیرہ عرب اور گجرات سے متصل سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
اِس کے ساتھ ساتھ 145 سے لے کر 155 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکڑ چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ساحل پر واپس آجائیں اور 18 مئی تک سمندر میں نہ جائیں۔
احمد آباد سے خبرہے کہ گجرات سرکار نے شدید سمندری طوفان توکتے کے اثر کو کم سے کم کرنے کی خاطر انتظامیہ کو مستعد کردیا ہے۔
تاوتے طوفان نے مزید خوفناک شکل اختیار کی، گجرات میں شدید بارش کی وارننگ جاری
بحیرہ عرب میں اٹھا سمندری طوفان تاوتے اب نہایت شدید (ویری سیویر) زمرہ کے طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کے آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید خوفناک شکل اختیار کرلینے اور 18 مئی کی صبح گجرات کے مہووا (بھاو نگر) اور پوربندر کے درمیان سے ساحل سے ٹکرانے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات سے آج موصولہ اطلاع کے مطابق یہ طوفان آج دوپہر ساڑھے گیارہ بجے گجرات کے ویراول ساحل سے 620 کلو میٹر جنوب۔ جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اس کے کل گجرات کے ساحل کے مزید قریب پہنچنے کے دوران ہواوں کی رفتار 155 سے لیکر 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساحلی گجرات میں بھاو نگر، گرسومناتھ، امریلی، پوربندر کے علاوہ احمد آباد، ودوڈرہ، بھروچ، ولساڈ وغیرہ میں شدید سے نہایت شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سمندر میں اتار چڑھاو کی وجہ سے ماہی گیروں کو اس میں نہیں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گجرات کی بندرگاہوں پر بھی دو نمبر کی وارننگ سگنل لگا دیا گیا ہے۔ مرکزی محکمہ موسم کی طرف سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ طوفان شدید بارش اور تیز ہواوں کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں کچے وپکے مکانات، سڑکوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور فصلوں وغیرہ کو نقصان ہوسکتا ہے۔ اس میں خطرے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ماہی گیروں کو سمندر میں نہیں جانے، سڑک اور ریل آمدو رفت کو بھی کنٹرول کرنے، طوفان کے دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔