ہندوستان میں اب تک 18 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں
ملک میں اب تک 18 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق پچھلے 24گھنٹے میں گیارہ لاکھ 66 ہزار سے زیادہ افراد کو ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اس سال 16جنوری کو دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔
اسی دوران کووڈ19- عالمی وبا کی دوسری لہر کے تناظر میں بھارت میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد میں گراوٹ کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ اس طرح ملک میں صحت یاب ہونے کی شرح لگاتار بہتر ہو رہی ہے۔
البتہ کچھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب بھی نئے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق زیر علاج مریضوں کی تعداد مجموعی طور پر متاثرہ معاملات کا 12 اعشاریہ ایک چار فیصد رہ گئی ہے۔
ملک میں سر دست 31 لاکھ 29ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔
ملک میں پچھلے کئی دن سے روزانہ تین لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہو رہے ہیں اور شفایاب ہونے کی شرح مزید بہتر ہوکر 86 اعشاریہ سات چار فیصد ہو گئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں تین لاکھ 69 ہزار سے زیادہ مریض روبہ صحت ہو ئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر دو کروڑ 23لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں کووڈ کے 2 لاکھ 76 ہزار سے زیادہ نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور 3 ہزار 874 اموات کی اطلاع ملی ہے۔طبی تحقیق کی بھارتی کونسل نے کہا ہے کہ کل 20 لاکھ 55 ہزار سے زیادہ کووڈ کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔