Urdu News

ٹول کٹ معاملےمیں پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سے پوچھ گچھ کی

@ANI

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: راہل اور سونیا کے کہنے پر ہو رہی ہے کارروائی

ٹول کٹ معاملے میں پیر کی دوپہربعد پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ سے ان کے وی آئی پی روڈ پر واقع مولشری وہار بنگلے میں پوچھ گچھ کی۔ پولیس افسران نے 10 سے 15 منٹ تک پوچھ گچھ میں رمن سنگھ کے ٹویٹر اکاونٹ کے بارے میں دریافت کیا اور دستاویز کے بارے میں دریافت کیا۔

ڈاکٹر رمن سنگھ سے پوچھ گچھ کرنے سی ایس پی ناصر صدیقی ، ٹی آئی آر کے مشرا اور ایس آئی منیش واجپئی پہنچے تھے۔ انکوائری ٹیم میں تیلی باندھا اور تھانہ مودہاپارہ کے ٹی آئی بھی شامل تھے۔ تفتیش کے دوران بنگلہ پر برج موہن اگروال اور راجیش مونت سمیت بڑی تعداد میں قائدین اور کارکنان موجود رہے ۔

بی جے پی ذرائع کے مطابق پولیس عہدیداروں نے 10 سے 15 منٹ تک ڈاکٹر رمن سنگھ سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق افسر ان سوالات کی فہرست تیار کرکے لائے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر رمن سنگھ کے ٹویٹر اکاونٹ کے بارے میں دریافت کیا اور دستاویز کے بارے میں پوچھا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ٹویٹر پر کاپی پیسٹ کرکے دستاویزلگایا ہے۔ انہوں نے اپنا ٹویٹر ایکسس نجی بتا کر دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے پہلے سے تیار اپنے جوابات پولیس کے حوالے کردیئے جسے لے کر پولیس واپس ہوگئی۔

اس سے قبل ، چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے پیر کے روز پریس کانفرنس کرکے کانگریس کی بھوپیش حکومت کو نشانہ بنایا۔ رمن سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت جھوٹے معاملات بنا کر ایف آئی آرکر رہی ہے۔ معاملہ سول لائن پولیس اسٹیشن سے نہیں بلکہ کانگریس آفس سے وزیر اعلی کے ایما پر ہورہا ہے۔ ڈاکٹر رمن سنگھ نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت سونیا اور راہل گاندھی کے کہنے پر کارروائی کررہی ہے۔ سمبت پاترا نے گاندھی خاندان کے خلاف حقائق آمیز معاملات اٹھائے ہیں۔ ہم اس مدعے پر سڑک سے عدالت تک جائیں گے۔

ڈاکٹر سنگھ نے مزید کہا کہ سمبت پاترا کو عدالت سے انصاف ملا ہے۔ یہ تمام معاملات سیاست پرمبنی ہیں۔ عدالت میں تمام معاملے آتے ہی خارج کردیئے جا ئیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو پولیس سے نہیں بلکہ کانگریس کے دفتر سے ڈیل کیاجارہا ہے۔ کانگریس نے مجھے موصول ہونے والے نوٹس کی کاپی کو عوامی کرنے کا جرم کیا ہے۔ کانگریس نے بوکھلاہٹ میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ ہم نے ملک اور وزیر اعظم کے امیج کو خراب کرنے کی سازش کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس واقعے سے میرا دل پریشان ہوا ، لہذا عوام کو بتایا۔ ڈاکٹر رمن نے کہا کہ ایف آئی آر میں نافذ دفعات مضحکہ خیز ہیں۔ ہم عدالت جائیں گے اور اپنی بات کو مضبوطی سے رکھیں گے۔

Recommended