نو منتخب سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ڈائریکٹر سبودھ کمار جیسوال نے بدھ کے روزچارج سنبھال لیا۔ اس سے قبل وہ سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
مہاراشٹرا کے سابق پولیس چیف سبودھ کمار جیسوال اگلے 2 سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ ان کے نام کا اعلان منگل کے روز مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے کیا۔ فروری میں رشی کمار شکلا کے اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد یہ عہدہ خالی تھا۔ اس وقت ایڈیشنل ڈائریکٹر پروین سنہا تحقیقاتی ایجنسی کا عبوری چارج سنبھال رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر کا انتخاب وزیر اعظم ، چیف جسٹس اورلوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی رضامندی یا اکثریت سے ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ، چیف جسٹس وی رمنا اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف ادھیر رنجن چودھری کے سامنے فائنل تین نام تھے جن میں سے دو کو مسترد کردیا گیا تھا اور سبودھ کمار جیسوال کے نام پر اتفاق رائے ہوگیا ۔ان کے ذریعہ لئے گئے فیصلے کو کابینہ کی تقرری کمیٹی حتمی شکل دیتی ہے۔
سبودھ کمار جیسوال 1985 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں اور مہاراشٹر کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں۔ جیسوال نے کابینہ سکریٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سبودھ جیسوال فروری 2019 میں مہاراشٹر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل مقرر ہوئے تھے۔ انہیں ممبئی کے کمشنر آف پولیس سے اس عہدے پر ترقی ملی تھی۔ دسمبر 2020 میں انہیں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کا سربراہ بنایا گیا۔ جاسوسوں کے ماسٹر کہے جانے والے جیسوال نے ہندوستان کی غیر ملکی جاسوس خدمت 'ریسرچ اینڈ انیلیسیس ونگ' (رائ) میں بھی 9سالوں تک اپنی خدمات انجام دی ہیں۔
اپنی خدمات کے دوران جیسوالکئی کروڑوں کے نقلی اسٹامپ پیپر گھوٹالے کے لئے قائم ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ بھی رہے ۔ وہ انسداد دہشت گردی اسکواڈ میں ڈی آئی جی رہ چکے ہیں۔ 2006 میں مالیگاؤں دھماکے کے کیس کی تحقیقات بھی جےسوال نے کی تھی۔