نئی دہلی،28/مئی2021،
مرکزی وزیرتعلیم جناب رمیش پوکھریال‘ نشنک ’نے ایک خصوصی فلاحی اقدام کے طور پر سبھی مجاز طلبا کے لیے مڈڈے میل اسکیم میں پکانے پر آنے والے خرچ کے حصے کے طور پر فوائد کی براہ راست منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے 11.8 کروڑ طلبا (118 ملین طلبا) کو مالی امداد فراہم کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ اس سے مڈڈے میل پروگرام کو تقویت ملے گی۔ یہ پردھان منتری غریب کلیان ان یوجنا (پی ایم-جی کے اے وائی) کے تحت تقریبا 80 کروڑ فیض یافتگان کے لیے ماہانہ 5 کلو گرام فی کس کے حساب سے مفت اناج تقسیم کرنے کے بھارتی حکومت کے اعلان کے علاوہ ہے۔
اس فیصلے سے وبا کے چیلنجنگ وقت کے دوران بچوں کے تغذیتی سطح اور ان کی قوت مدافعت کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو اس مقصد کے لیے تقریبا 1200 کروڑ روپے کے اضافی فنڈ فراہم کرے گی۔ مرکزی حکومت کے اس ایک بار کے خصوصی فلاحی اقدام سے ملک بھر میں سرکاری اور سرکاری امداد سے چلنے والے 11.20 لاکھ اسکولوں کے پہلی سے آٹھویں جماعت میں پڑھنے والے تقریبا 11.8 کروڑ بچوں کو فائدہ ہوگا۔