نئی دہلی،28؍مئی2021:
مرکز وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اپنے پارلیمانی حلقے اُودھم پور –کٹھوا-ڈوڈہ میں کووڈ متاثرہ افراد کے لئے راشن اشیاء پرمشتمل کھیپ روانہ کی۔
یہ کھیپ الگ الگ پیک کی شکل میں چاول، اناج، دال وغیرہ سے مل کر بنی ہےجو کہ ڈاکٹر جتندر سنگھ کے ذریعے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پچھلے ایک مہینے سے زیادہ عرصے سے مہیا کی جارہی مستقل امداد کا ایک حصہ ہے۔اتفاقی طورپر یہ مخصوص کھیپ 30 مئی کو مودی سرکار کے سات سال پورے ہونے کے موقع پر بھارتی جنتا پارٹی کے ذریعے شروع کی گئی برادری پر مبنی خدمات سرگرمیوں کے ساتھ بھی میل کھاتی ہے۔
کھیپ کو روانہ کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندرسنگھ نے یاد کیا کہ رضاکارانہ ذرائع کے توسط سے ان کے ذریعے بھیجی گئی پہلی کھیپ میں فیس ماسک، سینی ٹائزر اور دیگر معاون اشیاء کو الگ الگ کِٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے بھیجی گئی کھیپ میں ان کے پارلیمانی حلقے کے تمام چھ اضلاع میں کووڈ متعلق اشیاء کی تقسیم کرنے کے علاوہ جموں ڈویژن کے دیگر حصوں میں بھی کووڈ سے متعلق اشیاء بھیجی گئی تھیں، جس میں جموں ، سامبا ضلع بھی شامل تھے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وادی کشمیر کے مختلف حصوں میں ان کے ذریعے بھیجی گئی کووڈ سے متعلق اشیاء کی کھیپ کو زبردست جوش کےساتھ وصول کیا گیااور ان راحتی اشیاء کی تقسیم بہت اچھے جذبے کے ساتھ کیاگیا۔
وزیر موصوف نے یاد کیا کہ ان کے ذریعے اسی طرح کی اشیاء کی پہلی کھیپ اس دن روانہ کی گئی تھی، جب وہ کووڈ سے متاثر ہونے کی وجہ سے اسپتال میں بھرتی ہونے کے بعد کی گئی جانچ میں نگیٹو پائے گئے تھے۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حالات کی وجہ سے اشیاء کی آمدو رفت اور اس کے بعد دور دراز علاقوں سمیت مختلف حصوں میں ان کی تقسیم آسان کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا حالانکہ ہمارے انتخابی حلقے کی ٹیم اور نوجوان ساتھیوں کی مدد سے اس علاقے میں مختلف جغرافیائی مقامات اور دشوار کن علاقہ ہونے کے باوجود جہاں کہیں بھی ممکن ہوسکتا ہے، وہاں تک اسے پہنچانے کا کام کیا ہے۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے مزید بتایا کہ کل انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقے کے تمام چھ اضلاع اُودھم پور، کٹھوا، ڈوڈہ، ریاسی، رام بن اور قشتوار میں سے ہر ضلع کے عوامی کارکنان اور نمائندوں کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی اور بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقل طورپر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنان کے رابطے میں ہیں اور جب کبھی بھی ضرورت ہوتی ہے، وہ مدد کے لئے دستیاب رہتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کچھ رضاکار اداروں کے ذریعے کئے جارہے راحتی کاموں کی ستائش کی۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وقت وقت پر ضرورت اور مانگ کے مطابق ہم مختلف ذرائع کے توسط سے اشیاء کا انتظام کرتےہیں اور اسے علاقے کے مختلف حصوں میں خطے وار اور پنچایت سطح پر پہنچانے کی کوشش کرتےہیں۔ ہمارے پارلیمانی دفتر کےساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ اور پارٹی معاونین کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق اشیاء کی جلد تقسیم کو یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ایک بار پھر تمام سیاسی پارٹیوں اور شہری سماج کے سینئر ممبروں سے اپیل کی کہ وہ تمام اختلافات سے اُوپراٹھیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اجتماعی طورپر کووڈ کے خلاف لڑائی میں ساتھ آئیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے اس مشکل وقت میں یہ امید کی جاتی ہے کہ ہم انسانوں کے مفاد میں ساتھ مل کر کام کریں.