باغبانی کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز
باغبانی کے شعبے میں جامع نمو کو یقینی بنانے اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے ، وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے پیر کو باغبانی کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (سی ڈی پی) کا آغاز کیا۔
نیشنل ہرٹیکلچر بورڈ اس پر عمل درآمد کرے گا۔ اونچی قیمت والی باغبانی کی فصلوں کی درآمدات کو کم کرنے اور جہاں بھی ممکن ہو برآمدات بڑھانے کے لیے وزارت زراعت نے ملک میں مختلف فصلوں کے لئے 53 باغبانی کلسٹروں کی نشاندہی کی ہے۔ ان کلسٹروں میں سے کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے اس پائلٹ فیز کے لئے 12 کلسٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اگر اس پروگرام کو پانچ سے سات سال کی مدت میں تمام 53 کلسٹروں میں نافذ کیا جائے تو مجموعی برآمدات میں تقریبا 20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔
اس موقع پر تومر نے کہا کہ سی ڈی پی سے 10 لاکھ کسان اور دیگر اسٹیک ہولڈر مستفید ہوں گے ، جبکہ 10 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آئے گی ، جس میں سے 6500 کروڑ روپے نجی شعبے سے آئیں گے۔
سی ڈی پی کا ہدف شناخت شدہ باغبانی کلسٹروں کو فروغ دینا اور تیار کرنا ہے ، تاکہ انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جاسکے۔ اس کے ذریعے ہندوستانی باغبانی کے شعبے سے وابستہ تمام اہم امورجن میں پیداوار اور بعد کی فصلوں کے انتظام ، لاجسٹکس ، مارکیٹنگ اور برانڈنگ شامل ہیں، کو حل کیا جائے گا۔