نئی دہلی۔ 05 جون مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب ادھم پور – کٹھوعہ – ڈوڈہ میں کووڈ سے متاثر بچوں کے لئے 10 لاکھ روپے کی امداد دی ، جو رضاکارانہ / ذاتی ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں۔ کٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنر جناب راہل یادو نے اس حلقے کے تمام چھ اضلاع کے نوڈل اتھارٹی کی حیثیت سے اس رقم کا چیک حاصل کیا ۔
کٹھوعہ کے اپنے دورے کے دوران ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ان بچوں کے ایک ایسے گروپ سے بھی ملاقات کی ، جو موجودہ وبائی بیماری کے دوران اپنی روزی روٹی کمانے والے سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا ، اپنے قرابت داروں اور عزیزوں کےجانے کی کی تلافی کسی بھی طرح سے ممکن نہیں ہے ، لیکن اپنے ضمیر کی پکار پر کھرا اترنے کے لیے ہم نے بہت ہی چھوٹی اور عاجزانہ کوشش کی ہے تاکہ ہم نے ان بچوں کے ساتھ کھڑے رہ سکیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ رقم ان بچوں کے لئے ایک بہت ہی کم اور معمولی رضاکارانہ تعاون ہے جوکووڈ وبائی مرض کے باعث اپنے خاندان کی نگہداشت کرنے والےارکان سے محروم ہوگئے ہیں ۔ تاہم ، انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقتوں میں وہ مزید امداد فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچوں کے لئے خاطر خواہ مالی اعانت کا اعلان کرنے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آگے بڑھ کر اپنی قیادت فراہم کی ہے اور وزیر اعظم کا یہ اقدام ہم سب کو اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم اس بے مثال آفت سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے آگے آئیں اور اپنے وسائل میں ہر ممکن تعاون پیش کریں یا جو ممکن ہو سکے ، وہ کریں ۔
آج ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ذریعہ دیا گیا یہ چیک اس رقم کے علاوہ ہے جو انہوں نے پہلے ہی اپنے رکن پارلیمنٹ فنڈ سے 2.5 کروڑ روپےکی رقم اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب کے مختلف اضلاع کووڈ کیئر کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختص کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مختص کردہ ایم پی فنڈ میں سے2.1 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی کووڈ سے متعلق اشیاء کےحصول اور خریداری کے لئے پہلے ہی کارروائی کی جا چکی ہے۔