ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ روانہ ہونے سے عین قبل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے بالآخر گزشتہ سال کے ٹی ۔20 ورلڈ کپ میں رنر اپ رہنے کے لیے ٹیم کو ملنے والی انعام کی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم کی۔
بورڈ نے ٹی. 20 ورلڈ کپ 2020 میں حصہ لینے والی ہندوستانی ٹیم کے 15 ممبروں کو انعامی رقم دی۔ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ، ”بی سی سی آئی نے گزشتہ ماہ ہندوستانی خواتین ٹیم کی تمام ممبران سے درخواست کی تھی کہ وہ ٹی۔20 ورلڈ کپ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے بورڈ کو ای میل بھیجیں‘۔
کھلاڑیوں کو میل بھیجنے کے بعد ، بورڈ نے ایک ۔دو دن میں ہی انعامی رقم جاری کردی۔ ٹی۔ 20 ورلڈ کپ 2020 میں رنر اپ رہنے والی ہندوستانی ٹیم کے ہر ممبر کو000 26ڈالر کی رقم ملنی تھی۔
حالاں کہ ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود بورڈ نے کھلاڑیوں کو انعامی رقم جاری نہیں کی تھی۔ گزشتہ ماہ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے بعد جب یہ خبر میڈیا میں پھیلی تو بورڈ حرکت میں آنے پر مجبور ہوا۔
ذرائع کے حوالے سے اطلاع ملی ہے کہ بی سی سی آئی نے خواتین ٹیم کو ساڑھے تین کروڑ روپے دیئے ہیں۔ دراصل ہندوستانی خواتین ٹیم گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا میں منعقدہ خواتینٹی۔ 20 ورلڈ کپ میں رنر اپ تھی۔ رنر اپ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ساڑھے تین کروڑ روپے انعام کے طور پر دیئے جاتے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ کی جانب سے ٹورنامنٹ کے اختتام کے ایک ہفتہ کے اندر ہی یہ رقم بی سی سی آئی کو بھیج دی گئی تھی تاکہ یہ رقم کھلاڑیوں کو دی جاسکے۔ لیکن یہ رقم بی سی سی آئی نے تقسیم نہیں کی۔ برطانیہ کے ایک اخبار ، ٹیلی گراف نے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کی رنر اپ ہندوستانی ٹیم کو ابھی تک انعامی رقم کی عدم ادائیگی کا انکشاف کیا ہے جس کے بعد بی سی سی آئی کے عہدیدار حرکت میں آئے۔ اب یہ رقم ٹی۔ 20 ورلڈ کپ میں شامل تمام خواتین کھلاڑیوں میں تقسیم کردی گئی ہے۔
ہندوستانی خواتین کی ٹیم مردوں کے ساتھ دو جون کو انگلینڈ روانہ ہوئی ہے۔ خواتین ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 16 جون سے واحد ٹیسٹ میچ اور تین۔تین میچوں کی ون ڈے اور ٹی ۔20سیریز کھیلنی ہے۔ ہندوستان کی خواتین ٹیم فی الحال برسٹل میں قرنطین ہے۔