Urdu News

سپریم کورٹ نے ایمس کی آئی این آئی سی ای ٹی امتحان ایک ماہ تک ملتوی کرنے کا حکم دیا

ایمس کی آئی این آئی سی ای ٹی امتحان

سپریم کورٹ نے 16 جون کو منعقد ہونے والے ایمس کا انسٹی ٹیوٹ آف نیشنل امپورٹینس کمبائنڈ انٹرینس ٹیسٹ ( آئی این آئی سی ای ٹی ) امتحان ایک ماہ تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ امتحان اعلی میڈیکل تعلیم کے لیے ملک بھر کے ڈاکٹروں کے ذریعہ دیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ وبائی امراض کے دوران امتحانات کا انعقاد مناسب نہیں ہے۔ بہت سارے ڈاکٹروں نے جو امتحان فارم بھرتے ہیں وہ خود بھی کورونا ڈیوٹی میں ہوں گے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کورونا مریضوں کے علاج میں مصروف ہیں۔ وکیل پلوی پرتاپ نے درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ کچھ ڈاکٹر خود بھی اس میں مبتلا ہیں۔ بہت سارے ڈاکٹروں کو ابھی تک ٹیکے نہیں لگائے گئے ہیں۔ اس امتحان کے بارے میں معلومات 19 دن کے مختصر نوٹس پر دی گئی ہے۔درخواست میں اس امتحان کو اگست تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ امتحان لینے کی تجویز وزیر اعظم آفس کے اس حکم کے منافی ہے ، جس نے پی جی امتحانات کی تیاری کے لیے کم از کم ایک ماہ کا وقت دینے کی مانگ کی ہے۔ درخواست گزاروں میں سے ایک کو تشویشناک حالت میں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے جمعہ کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کو آئی این آئی سی ای ٹی 2021 کا امتحان ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے یہ امتحان پہلے 16 جون کو ہونے والاتھا۔ جج اندرا بنرجی اورجج ایم آرشاہ کی بنچ نے 23 ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کے گروپ، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن، میڈیکل اسٹوڈنٹ نیٹ ورک (چھتیس گڑھ چیپٹر) اورکووڈمریضوں کے علاج میں مصروف 35 دیگر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی درخواستوں پر سماعت کرنے کے بعد یہ حکم دیا۔

عدالت نے کہا، ’’امیدواروں نے جن مراکز کو منتخب کیا ہے، وہ ان سے کافی دور کووڈ ڈیوٹی کررہے ہیں۔ انہیں تیاری کرنے کا مناسب وقت نہیں ملا ہے، اس کے پیش نظر ہمارا ماننا ہے کہ 16 جون کی تاریخ امتحان کے لئے مقررکرنا منمانی ہے۔ ہم ایمس کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ اس امتحانات کو کم ازکم ایک ماہ کے لئے ملتوی کردیں۔

درخواست گزاروں نے 16 جون کو امتحان کروانے کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر ڈاکٹرمختلف اسپتالوں میں کووڈ ڈیوٹی کررہے ہیں اورانہیں امتحان کے تیاری کا مناسب وقت نہیں ملا ہے۔

انہوں نے درخواست میں پوسٹ گریجویٹ کورس میں داخلہ کے لئے ہونے والے امتحانات کو ملتوی کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بارے میں ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل اروند داتارنے کہا کہ جب مئی میں ہونے والے نیٹ امتحانات اگست تک ملتوی کئے جاسکتے ہیں تو آئی این آئی سی ای ٹی کے امتحانات کیوں نہیں ملتوی کئے جاسکتے۔

ایمس کے وکیل دشینت پراشار نے بنچ سے کہا کہ مئی میں پراسپکٹس جاری کردیا تھا اوریکم مئی کو امیدوار کو امتحان کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔ اگر امتحان روک دیا جائے گا توڈاکٹروں کی کمی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 32 ریاستوں میں امتحان کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس انفیکشن کی صورت حال میں بہتری ہوگئی ہے۔

عدالت نے حالانکہ زوردیا کہ امتحان کم ازکم ایک ماہ کے لیے ملتوی کیاجانا چاہیے۔ ایمس کے وکیل نے ہدایت لینے کے لیے پیرتک کا وقت دینے کا مطالبہ کیا لیکن بنچ نے یہ کہتے ہوئے اس سے انکارکردیا کہ امتحان کی تاریخ کافی نزدیک ہے۔

Recommended