ہندوستانی ٹیم ابھی بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں واپسی کر سکتی ہے: رمیزراجہ
اسلام آباد،22جون (اندیا نیرٹیو)
پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجہ کا خیال ہے کہ ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں ابھی بھی واپسی کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے پاس واپسی کا موقع ہے۔
ہندوستانی ٹیم ساوتھمپٹن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں صرف 217 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لمبے قد کے تیز گیندبازکائل جیمسن نے ہندوستانی اننگ کو 5 وکٹ لے کر سمیٹ دیا۔جواب میں کیوی ٹیم نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر 101 رن بنالئے تھے۔
اس وقت میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم حاوی نظر آرہی ہے۔ تاہم رمیز راجہ کے مطابق ہندوستانی ٹیم زبردست انداز میں واپسی کر سکتی ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر ، انہوں نے کہا ،”ہندوستان کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بڑی برتری نہ لے سکے۔ انہیں مستقل دباؤبنائے رکھنا ہوگا اور باقاعدگی سے وقفے وقفے پروکٹیں لینا ہوں گی۔ اس کے علاوہ انہیں زبردست کیچ بھی لینا ہوگا۔ وراٹ کوہلی کا گیم پلان بالکل سمپل اور سیدھا ہونا چاہیے اور ہر کھلاڑی کو اس پر عمل کرنا چاہیے“۔
رمیز راجہ کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے پاس ابھی بھی واپسی کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا ،” ہندوستانی ٹیم کے لیے یہ مشکل ضرور ہوگا کیونکہ ان پر دباؤہے لیکن یہ ناممکن نہیں ہے اور ٹیم انڈیا زبردست انداز میں واپسی کر سکتی ہے۔ ہندوستان کے لئے ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا ہے اور انہیں واپسی کے لئے بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگا“۔
رمیز راجہ نے یہ بھی کہا کہ اگر وکٹ خشک ہوگئی تو روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجا اس کا پورا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس ایسےگیندباز ہیں جو 20 وکٹیں حاصل کر سکتے ہیں“۔