لکھنؤ، یکم ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیراعظم مودی کا 'ہر غریب کا ہو گھر اپنا' کا خواب تیزی سے پورا ہو رہا ہے۔ ہماری حکومت کے چار برس میں 41 لاکھ 73 ہزار سے زائد دیہی اور شہری مستفیدین کو ریاست میں گھر ملے ہیں۔ آج پانچ لاکھ 51 ہزار مستفیدین اپنے گھر میں داخل ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز یہاں پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین اور مکھیہ منتری آواس یوجنا دیہی کے پانچ لاکھ، 51 ہزار مستفیدین کو گھروں کی چابیاں حوالے کیں۔ گھروں کی تقسیم کا پروگرام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوا۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مستفیدین سے بات بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے مستفیدین کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یوگی نے یاد دلایا کہ پچھلی حکومتوں کے دوران 30 برس میں صرف 53 لاکھ گھر دستیاب کروائے گئے تھے۔
پروگرام کے دوران وزیراعلیٰ نے گھر کی چابیاں کچھ مستفیدین کو دی۔ گھروں کی چابیاں باقی اضلاع میں ہی مستفیدین میں تقسیم کی گئیں۔ پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین اور مکھیہ منتری آواس یوجنا-دیہی کے تحت ان مکانات کی کل لاگت 637.72 کروڑ روپے ا?ئی ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مستفیدین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ انہیں حکومت کی دیگر تمام اسکیموں کا فائدہ ملا ہے یا نہیں۔ زیادہ تر مستفیدین نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ انہیں راشن کارڈ، مفت بجلی کنکشن، ٹوائلٹ، آیوشمان بھارت یوجنا کا کارڈ مل گیا ہے۔
اپنے خطاب میں یوگی نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے غریبوں کو بلا تفریق تمام اسکیموں سے جوڑا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پہلے کی حکومتوں کے پاس غریبوں کے لیے کام کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ وزیراعظم مودی نے بغیر کسی امتیاز کے اسکیموں کے فوائد دیے ہیں۔ آج 27 لاکھ لوگ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت فوائد حاصل کر رہے ہیں۔
اس دوران وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کی بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ذات پرستی، علاقائیت، اقربا پروری ترقی کرتی تھی۔ آج سب کو ترقی کے ثمرات حاصل ہو رہے ہیں۔ آج 5 لاکھ 51 ہزار مستحقین کو گھروں کی چابی ملنا اس بات کو ثابت کر تا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ پردھان منتری آواس یوجنا کی 70 فیصد مستحقین خواتین ہیں۔