ممبئی کے سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پر بم رکھے جانے کی اطلاع کے بعد پولیس نے اسٹیشن کی تلاشی لی، لیکن کہیں سے بھی بم نہ ملنے کے بعد یہاں سیکورٹی کے انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس اب اس شخص کی تلاش میں ہے جس نے بم نصب کرنے کی اطلاع دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے جمعہ کی رات دیر گئے ریلوے کنٹرول روم میں ممبئی سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پر بم نصب کرنے کی اطلاع دی تھی۔ ریلوے کنٹرول روم نے یہ معلومات ممبئی پولیس کودی ۔ اس کے بعد ممبئی پولیس کے اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پہنچے اور پورے اسٹیشن کی مکمل تلاشی لی۔ دریں اثنا، معلومات دینے والے شخص نے دوبارہ فون کیا اور کہا کہ بمبئی سی سی ایم ٹی سمیت بائیکلا اور امیتابھ بچن کے بنگلوں پر بھی بم رکھے گئے ہیں۔ ممبئی پولیس نے اس شخص کو فون کیا کہ وہ یہ جان سکے کہ بم کہاں رکھا گیا ہے، لیکن نامعلوم شخص نے بتایا کہ اس نے جو معلومات حاصل کی تھیں وہ اس نے دے دیں۔
اس کے بعد معلومات دینے والے شخص نے اپنا موبائل فون بند کرلیا ہے۔ ممبئی پولیس نے جمعہ کی رات سے ہفتے کی صبح تک ممبئی سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پر وسیع پیمانے پر تلاشی لی لیکن یہ معلومات صرف ایک افواہ ثابت ہوئی۔ تاہم پولیس نے یہاں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ ممبئی پولیس نامعلوم شخص کی تلاش میں ہے جس نے غلط معلومات دی۔