Urdu News

دیوگھر روپ وے حادثے میں پھنسے 33 سیاحوں کو فضائیہ نے بچا لیا

دیوگھر روپ وے حادثے میں پھنسے 33 سیاحوں کو فضائیہ نے بچا لیا

فضائیہ کے ہیلی کاپٹر سے ائیر لفٹ کے دوران پھسلنے سے ایک شخص جاں بحق

اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا، کل صبح سے دوبارہ آپریشن کیا جائے گا

جھارکھنڈ کے دیوگھر ضلع میں واقع تری کٹ پروت پر روپ وے کے ذریعے سفر کے دوران پھنسے ہوئے لوگوں میں سے پیر کی شام 6 بجے تک 33 سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے۔ اس حادثے میں تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں سے ایک خاتون کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ باقی دو کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ آج شام ریسکیو آپریشن میں ایک شخص ایئر لفٹ کے دوران پھسلنے سے جاں بحق ہو گیا۔ آج کا ریسکیو آپریشن اندھیرے کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب بھی 12 افراد پھنسے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے کل صبح سے ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا۔

ایئر فورس اور این ڈی آر ایف نے پیر کی دوپہر 12 بجے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو شروع کیاتھا۔ جنگی بنیادوں پر چلائے گئے آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اتوار کو بچائے گئے لوگوں میں پیر کے روز پتھر ڈا، سارٹھ رہائشی سمنتی دیوی (40)کی موت ہوگئی، جب کہ ایکبچی سمیت تین کی حالت نازک ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کا تعلق بہار سے ہے۔ صدر اسپتال کے انچارج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیواکر پاسوان نے آج شام ایئر لفٹ کے دوران پھسلنے سے ایک شخص کی موت کی تصدیق کی ہے۔

دیوگھر ضلع میں تری کٹ پہاڑ کی چوٹی پر واقع روپ وے کے یو ٹی پی اسٹیشن کا رولر اتوار کو اچانک ٹوٹ گیا۔ اس کے بعد روپ وے کی 23 ٹرالیاں لمحہ بھر میں سات فٹ نیچے لٹک گئیں۔ سب سے پہلے اوپر کی ایک ٹرالی40 فٹ نیچے کھائی میں گرگئی جس میں پانچ افراد سوار تھے۔ مقامی لوگوں اور روپ وے کے اہلکاروں نے مل کر اس ٹرالی میں پھنسے پانچ افراد کو باہر نکالا۔ حادثے کے دوران ٹرالیوں میں 48 افراد پھنسے تھے، جن کے لیے ہندوستانی فضائیہ، این ڈی آر ایف سمیت نیم فوجی دستوں کی ٹیم پیر کو دن بھر مصروف رہی۔

این ڈی آر ایف کی ٹیم نے اتوار کی رات ریسکیو آپریشن شروع کرکے 12 سیاحوں کومحفوظ نکال لیا تھا۔ رات ہونے کی وجہ سے آپریشن منسوخ کرنا پڑاتھا۔پیر کی صبح سے آئی ٹی بی پی اور این ڈی آر ایف کے ساتھ  ایئر فورس بھی بچاؤ آپریشن میں شامل تھی۔ فضائیہ نے دو ایم آئی۔17 ہیلی کاپٹروں کو ریسکیو آپریشن کے لیے لگایا جہاں حادثے کی وجہ سے 48 افراد ایک روپ وے ٹرالی میں پھنسے تھے۔ فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوا میں معلق لوگوں تک بسکٹ اور پانی کے پیکٹ پہنچائے گئے۔ تیز ہوا کے باعث پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Recommended