فتحپور ،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)
اللہ نے محمد مصطفیٰ کو ساری دنیا کے لئے رحمت اللعالمین بناکر بھیجا، آپ کا اخلاق ایسا تھا کہ جو بھی آپسے ایک بار ملتا وہ آپکا ہو جاتا۔ محمد مصطفیٰ نے بغیر کسی بھید بھاؤ کے سبھی انسانوں کو گلے سے لگایا اسی لئے آپ کو محسنِ انسانیت کہا گیا۔
ان خیالات کا اظہار مدرسہ قمر العلوم موضع حسن پور ٹانڈہ میں منعقد جلسئہ سیرت النبی کے مقرر خصوصی مولانا سید توصیف عالم ندوی نے کیا۔انہوں نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کے دنیا میں تشریف لانے سے پہلے انسان حیوان سے بھی زیادہ بدتر تھا، بچیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔
عورتوں کو اپنی نفسی خواہشات کا سامان سمجھا جاتا تھا، ذرا ذرا سی بات پر لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو جایا کرتے تھے، محمد مصطفیٰ کی تعلیمات، اخلاقیات کی بدولت ہی انسانوں کے اندر انسانیت پیدا ہوئ اور معاشرہ سے برائیوں کا خاتمہ ہوا۔
آج پھر معاشرہ میں تمام برائیاں پھیل گئی ہیں، ہم ان برائیوں کو محمد مصطفیٰ کی سیرت پر عمل کرکے انکی دی گئی تعلیمات کے ذریعے ختم کر سکتے ہیں۔
صدرِ جلسہ مولانا اعظم نے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد الرسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آنا چاہئے، پڑوسی مسلمان ہو یا غیر مسلم ۔
اسلام صرف اور صرف اچھے اخلاق اور کردار سے ہی پھیلا ہے ۔ اگر ہم سیرتِ رسول اور سنتوں کے مطابق اپنی زندگی گزارنے والے بن جائیں تو دنیا میں بھی کامیاب ہوں گے
اور آخرت میں بھی حافظ عبدالرحمن کی تلاوتِ کلام اللہ سے آغاز ہونے والے اس جلسہ کی نظامت حافظ محمد رئیس نے کی جبکہ بارگاہِ رسالت مآب میں احمد سعید حرف، قاری پرویز یزدانی وغیرہ نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا ۔