Urdu News

انڈین ریلوے کا بڑا فیصلہ، کورونا سے پہلے چلنے والی تمام ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا: آشوتوش گنگل

انڈین ریلوے کا بڑا فیصلہ، کورونا سے پہلے چلنے والی تمام ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا: آشوتوش گنگل

شمالی ریلوے کے جنرل منیجر آشوتوش گنگل نے جمعرات کو کہا کہ کورونا سے پہلے چلنے والی تمام ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیمانڈ بڑھنے پر مزید نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل منیجر گنگل نے کہا کہ ریلوے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ رشی کیش-کرن پریاگ براڈ گیج لائن پروجیکٹ کو مکمل کیا جائے تاکہ اترا کھنڈ کے لوگوں، سیاحوں اور یاتریوں کو سہولت حاصل ہو۔

اس سے قبل آج گنگل نے دہرادون میں اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری کے ساتھ میٹنگ کی۔ دونوں افسران نے ریاست میں جاری ریلوے پراجیکٹس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف سیکریٹری نے جنرل منیجر سے درخواست کی کہ تمام پراجیکٹس وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام نئی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی انتظامیہ ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

بعد میں، جنرل منیجر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے ملنے بھی گئے۔ وزیر اعلیٰ نے ریلوے کی طرف سے ریاست میں لوگوں کو ہر موسم میں نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے کے کام کو سراہا۔

اس سے پہلے دن میں، جنرل منیجر نے دہرادون-موتیچور ریلوے سیکشن کا معائنہ کیا۔ اس سیکشن کو حال ہی میں بجلی دی گئی ہے۔ اس ریلوے لائن کا ایک حصہ مشہور راجاجی نیشنل پارک سے گزرتا ہے اور دو اہم ریلوے اسٹیشن رائی والا اور ڈوئی والا کو بھی تیار کیا جا رہا ہے جہاں سے رشی کیش-کرن پریاگ ریل لائن شروع ہوگی۔ جنرل منیجر کو اس سیکشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور اس سے متعلقہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل منیجر کے ساتھ مراد آباد ڈویڑن کے ڈویڑنل ریلوے منیجر اجے نندن اور شمالی ریلوے اور ڈویڑن کے کئی سینئر ریلوے افسران تھے۔

Recommended