صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت
چھتیس گڑھ کے بیجاپورضلع میں ماونوازوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ آج سُکما ضلع کےJagargundaعلاقے سے مزید 20 لاشیں ملی ہیں۔ ایک جوان اب بھی لاپتہ ہے۔ گھات لگاکر کئے گئے اِس حملے میں 25 سے زیادہ سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
Tekulgudaگاوں کے نزدیک تلاش کی کارروائی کے دوران آج CRPF اورڈسٹرکٹ ریزروگارڈس کے شہید اہلکاروں کی لاشیں ملی ہیں۔ اِس سے پہلے کل شام تصادم کی جگہ سے دو جوانوں کی لاشیں ملی تھیں۔ علاقے میں بڑی تعداد میں ماونوازوں کے موجود ہونےکے بارے میں ایک مخصوص اطلاع ملنے پر سیکورٹی دستوں کا ایک بڑا دستہ کل سہ پہر ماونوازوں کے خلاف کارروائی کے لیے وہاں گیا تھا، تبھی اُن پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔
اِس کے بعد کئی گھنٹے تک شدید تصادم ہوا۔ ماونوازوں نے مرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کے ہتھیاراور گولی بارود بھی لوٹ لیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اِس تصادم میں کئی ماونواز بھی مارے گئے ہیں۔ جائے واردات سے ایک عورت سمیت دو ماونوازوں کی لاشیں ملی ہیں۔
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے چھتیس گڑھ میں ماونوازوں کی شورش سے نمٹتے وقت سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے یہ کہتے ہوئے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے کہ پورا ملک دُکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے ساتھ ہے اور اِس قربانی کوکبھی نہیں بھلایا جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اُن شہید سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جو چھتیس گڑھ میں ماونوازوں سے مقابلہ کرتے ہوئے مارے گئے ہیں۔
ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بہادر شہیدوں کی قربانی کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ جناب مودی نے کہاکہ وہ شہید اہلکاروں کے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہیں۔اُنہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔