Urdu News

دہلی سیریل بم دھماکہ کے ملزم محمد حکیم کوملی ہائی کورٹ ضمانت ، محمد حکیم کی ضمانت پرکورٹ نے کیا کہا؟

دہلی سیریل بم دھماکہ کے ملزم محمد حکیم کوملی ہائی کورٹ ضمانت

نئی دہلی، 06 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

دہلی ہائی کورٹ نے 2008 کے سیریل بم دھماکوں کے ایک ملزم محمد حکیم کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس انوپ جیرام بھامبھانی کی بنچ نے 25 ہزار روپے کی ضمانت پر محمد حکیم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ ملزم ساڑھے 12 سال سے زیر سماعت قیدی کی حیثیت سے جیل میں ہے۔ کے اے نجیب کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق ملزم کے فوری انصاف کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ایسے میں اگر اسے مزید جیل میں رکھا گیا تو یہ ان حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ عدالت نے ملزم کو ہدایت دی  کہ وہ اپنا فون نمبر تفتیشی افسر کو فراہم کرے جس پر وہ کسی بھی وقت رابطہ کر سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم ہمیشہ اپنا نمبر  چالو رکھے گا۔ عدالت نے ملزم کو ٹرائل کورٹ میں اپنا پاسپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم ٹرائل کورٹ کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جائے گا۔ ملزم کسی گواہ سے نہیں ملے گا اور نہ ہی وہ ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا۔

محمد حکیم کو 4 فروری 2009 کو گرفتار کیا گیا۔ 13 ستمبر 2008 کو اس کے خلاف پانچ ایف آئی آر درج کی گئیں۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 120 بی، 121، 121 اے، 122 اور 123، دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعہ 3 اور 5 اور یو اے پی اے کی دفعہ 16، 18 اور 23 کے تحت الزامات عائد کیے گئے تھے۔ حکیم نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ ان کی ضمانت کی درخواست پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 20 مارچ کو مسترد کر دی تھی۔

اسپیشل سیل نے اس معاملے میں 16 افراد کو ملزم بنایا ہے۔ سماعت کے دوران، وکیل نیتیہ  رام کرشنن، حکیم کی طرف سے پیش ہوئے، نے کہا کہ خصوصی سیل کی جانب سے دائر چارج شیٹ اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے بنائے گئے الزامات میں ملزم کا کردار محدود ہے۔ محمد حکیم پر الزام ہے کہ اس نے سائیکل پر کچھ بال بیئرنگ لکھنؤ سے دہلی پہنچایا۔ الزامات میں کہا گیا ہے کہ ان بال بیئرنگ کا استعمال آئی ای ڈی بنانے میں کیا گیا۔ ان آئی ای ڈی سے   سیریل دھماکے کیے گئے۔

نیتیا رام کرشنن نے کہا کہ پراسیکیوشن اس کیس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر رہا ہے۔ اب تک 256 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ 60 سے زائد گواہوں کے بیانات ابھی ریکارڈ کیے جانے باقی ہیں۔ ملزم نے ساڑھے بارہ سال جیل میں گزارے ہیں۔ انہوں  نے ملزم کو ضمانت  دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ملزمان کے فوری ٹرائل کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کی کوئی سابقہ  مجرمانہ تاریخ نہیں تھی اور وہ یونیورسٹی کا طالب علم تھا۔

حکیم کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے، این آئی اے کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر امت چڈھا نے کہا کہ ملزمان پر بہت سنگین الزامات ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 13 نومبر 2008 کو دہلی کے مختلف علاقوں میں سلسلہ وار دھماکے کیے۔ اس سیریل دھماکے میں 26 افراد ہلاک اور 135 افراد زخمی ہوئے۔ اس سیریل دھماکے کی ذمہ داری انڈین مجاہدین جیسی دہشت گرد تنظیم نے لی۔ اس معاملے میں پانچ ایف آئی آر درج کی گئیں۔

اس کیس کی تفتیش کے دوران بٹلہ ہاؤس میں مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش میں ایک  تصادم  کے دوران ایک پولیس افسر ہلاک اور دو پولیس افسران زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل بال بیرنگ بٹلہ ہاؤس کے احاطے سے برآمد ہوئے ہیں۔ اس کیس میں حکیم کے ملوث ہونے کا انکشاف اس کیس کے دوسرے ملزم ذیشان احمد عرف انڈا نے 3 اکتوبر 2008 کو اپنے انکشافی بیان میں کیا تھا۔ اس کے تین ماہ بعد حکیم کو اے ٹی ایس لکھنؤ نے گرفتار کیاتھا۔

Recommended