Urdu News

دہلی- این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں گرمی کا قہر

دہلی- این سی آر میں گرمی کی شدید لہر

دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں اگلے 4 سے 5 دنوں میںگرمی کے ساتھ لوٗکا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی یا اضافے کا امکان کم ہے۔ گرمی کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

قومی راجدھانی میں منگل کو بھی شدید گرمی جاری رہی ۔ دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 5 روز میں ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اگلے 5 دنوں تک گجرات میں درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری اور راجستھان میں 16 اور 17 جون کو 2 سے 3 ڈگری تک گر سکتا ہے۔

اگلے 5 دنوں تک اڈیشہ، مغربی گنگا گھاٹ، بنگال، بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، ساحلی آندھرا پردیش میں لوٗ چلنے کی توقع ہے۔ جنوبی اتر پردیش اور ودربھ میں اگلے 3 دن اور مدھیہ پردیش اور تلنگانہ میں اگلے 2 دن تک لوٗ برقرار رہے گی۔

دریں اثنا، بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ‘بپرجوئے’ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ 15 جون کی شام گجرات اور پاکستان کے شہر کراچی کے درمیان ساحل سے ٹکرائے گا۔ اس دوران 125 سے 135 کلومیٹر تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

گردابی طوفان کی وجہ سے سوراشٹرا اور کچھ کے دیو بھومی دوارکا، پوربندر، جام نگر، جوناگڑھ اور راجکوٹ اضلاع میں بھاری سے بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔

Recommended